پرکشش سید عالم کی ادائیں دیکھو
جانیں ان پر سبھی باغات لٹائیں دیکھو
زائرو خلد کی محسوس کرو خوشبوئیں
رہ کے جنت کی مدینے میں ہوائیں دیکھو
ہاتھ اٹھا شاہ کا، فطرت کے تقاضے بدلے
کتنی مقبول ہوئیں ان کی دعائیں دیکھو
سیرت شاہ کے جو رنگ میں ڈھل جاتے ہیں
ان کے ہاتھوں میں تقدس کی حنائیں دیکھو
حسن سرکار کی رنگت کا ہے دلکش یہ اثر
کتنی رنگین ہیں پھولوں کی عبائیں دیکھو
دشمنان شہ کونین نہ یوں اتراؤ
کیسی کیسی تمھیں ملتی ہیں سزائیں دیکھو
رحمت شاہ کے دریا کی ہیں موجیں ایسی
عینی بے ہوش ہوئیں ساری بلائیں دیکھو
۔۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی