WebHutt

نعت سرکار کونین صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی


عرب کے ماہ کی شہرت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے
نبی کی خوبیء رفعت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں میں ہے محمد نام ان کا عرش پر احمد
مرے سرکار کی عظمت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

پڑھو قرآں ، پڑھو توریت ، انجیل و زبور نور
شہ کونین کی مدحت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

قیادت کی ہے غزووں میں ، شفاعت ہوگی محشر میں
کہ محفوظ آپ سے امت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں میں وحی اتری ، دید رب ہوتی ہے اسریٰ میں
خدا سے آپ کی قربت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں والے نثار ان پر فلک والے بھی ہیں قربان
ہر اک کو شاہ سے الفت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

ہیں غاروں میں بھی غزووں میں بھی صدیق آپ ہی کے ساتھ
کہ ان کا جذبہء خدمت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں پر کنکری بولے ، فلک میں چاند ہو ٹکڑے
اے عینی شاہ کی قدرت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے
۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

Exit mobile version