WebHutt

“یوم عاشورہ کے فضائل و مسائل”✒️تلمیذ محدث کبیر عبدالرشید امجدی‌اشرفی دیناجپوری


اسلامی سال کا پہلا مہینہ مُحرّمُ الْحَرَام ہے جو نہایت عظمتوں اوربرکتوں والا ہےبِالخصوص اس ماہ کی دس تاریخ یعنی عاشورہ کےدن کو دینِ اسلام میں غیرمعمولی حیثیت حاصل ہے چنانچہ نبیِّّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے خود اس دن روزہ رکھا اورصحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان کو بھی اس دن روزہ رکھنے کاحکم ارشاد فرمایا۔ بلکہ اسلام سے قبل بھی لوگ اس دن کا اَدب و اِحترام کرتے اور اس دن روزہ رکھا کرتے تھے۔
ہمیں بھی چاہئے کہ عاشورا (10مُحَرَّمُ الْحَرَام) کا روزہ رکھیں اورخوب عبادات کریں،
“یوم عاشورا کا روزہ”
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:قریش زمانۂ جاہلیت میں عاشورا کا روزہ رکھتے تھے، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس دن روزہ رکھنے کا حکم دیا، جب رمضان کے روزے فرض ہوگئے، (تو یومِ عاشورا کے روزے کی فرضیت منسوخ ہوگئی) اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : (اب) جس کا جی چاہے یومِ عاشورا کا روزہ رکھے اور جس کا جی چاہے نہ رکھے۔ (بخاری، مسلم)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:
حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو آپ نے یہودیوں کو عاشورہ کا روزہ رکھتے ہوئے دیکھا۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے اس کا سبب دریافت کیا،تو انھوں نے بتایا کہ یہ ایک نیک اور اچھا دن ہے، اسی دن اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو ان کے دشمن یعنی فرعون سے نجات دی تھی، اسی لیے موسیٰ علیہ السلام نے اس دن کا روزہ رکھا تھا(اور اسی لیے ہم بھی اس دن روزہ رکھتے ہیں)۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: پھر ہم موسیٰ علیہ السلام سے تمھاری بنسبت زیادہ قریب ہیں اور اس کے تم سے زیادہ مستحق ہیں، چناں چہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن روزہ رکھا اور صحابۂ کرامؓ کو بھی اس کا حکم دیا۔ (بخاری، مسلم)
عاشورا کا روزہ گُناہ مِٹاتاہے:نبیِّ رَحْمت، شفیعِ اُمّت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالی شان ہے:مجھے اللہ پاک کے کرم سے اُمّید ہے کہ عاشورا کا روزہ ایک سال قبل کے گُناہ مِٹا دیتا ‘مسلم، ص454،
ماہ محرم الحرام کے مہینے میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ رکھنے کی تلقین فرمائی اور ارشاد فرمایا کہ رمضان المبارک کے بعد اگر کوئی روزہ سب سے افضل ہے تو وہ اس مہینے کا روزہ ہے
“شب عاشورہ کی نفل نماز پڑھنے کا طریقہ یہ ہے”
ایک نیت وسلام سے چار رکعت نفل اداکریں، ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آیةالکرسی ایک بار اور سورہ اخلاص (قل ھوالله احد) تین تین بارپڑھے ۔ اور نماز سے فارغ ہو کر ایک سو مرتبہ قل ھوالله احد کی سورہ پڑھے ۔
گناہوں سے پاک ہوگا ۔ اور بہشت میں بے انتہا نعمتیں ملیں گی! (جنتی زیور صفحہ 157)
لیکن یاد رہےقضا نمازیں نوافل سے اہم ہیں یعنی جس وقت نفل پڑھتا ہے انھیں چھوڑ کر ان کے بدلے قضائیں پڑھے کہ بری الذمہ ہو جائے
(حوالہ بہار شریعت ج 4)
شیخ الحدیث حضرت علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں۔کہ دسویں محرم الحرام کو جو کوئی دعائے عاشوراء پڑھے گا اس کی برکت سے عمر میں خیر (بھلائی) و برکت ہوگی اور زندگی میں فلاح (کامیابی) اور نعمت حاصل ہوگی ان شاءاللہ عزوجل.
(جنتی زیور،ص157ب)
“رِزْق میں فراخی کانسخہ” فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جو دس محرم کو اپنے بچّوں کے خرچ میں فَراخی (یعنی کشادگی) کرےگا تو ﷲ پاک سارا سال اس کو فراخی دےگا۔ حضرت سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:ہم نے اس حدیث کا تجربہ کیا تو ایسے ہی پایا۔(مشکوۃ المصابیح،ج١)
“عاشورہ کے دن غسل”
محرم الحرام کی دسویں تاریخ کو غسل کرنے سے آدمی پورے سال امراض سے محفوظ رہتا ہے کیونکہ اس دن آب زم زم تمام پانیوں میں پہنچتا ہے اور اس میں وقت کی کوئی قید نہیں اور جو شخص اس دن اپنے بال بچوں کے لئے اچھے اچھے کھانا پکائے اور ان پر جائز طریقے سے خوب خرچ کرے ان شاءاللہ سال بھر تک گھر میں برکت رہے گی جیسا کہ تفسیر روح البیان میں ہے کہ “و ذکر ان الله عز و جل یخرق لیلة عاشوراء زمزم الی سائر المیاہ فمن اغتسل یومئیذ أمن المرض فی جمیع السنة کما فی الروض الفائق و من وسع فیه علی عیاله فی النفقة وسع اللہ له سائر سنته قال ابن سیرین جربناہ و وجدناہ کذالک کما فی الاسرار المحمدیه “
(تفسیر روح البیان ج 4ص 142)
اور اسلامی زندگی میں ہے کہ محرم کی نویں اور دسویں کو روزہ رکھے تو بہت ثواب پائے گا ، بال بچوں کے لیے دسویں محرم الحرام کو خوب اچھے اچھے کھانے پکائے تو ان شاء اللہ عز وجل ! سال بھر تک گھر میں برکت رہے گی بہتر ہے کہ حلیم ( کھچڑا ) پکا کر حضرت شہید کربلا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فاتحہ کرے بہت مجرب ہے اسی تاریخ کو غسل کرے تو تمام سال ان شاء اللہ عز وجل بیماریوں سے امن میں رہے گا کیونکہ اس دن آب زم زم تمام پانیوں میں پہنچتا ہے “
(اسلامی زندگی ص 66)
“یوم عاشور کے اہم واقعات”
یوم عاشورہ بڑا ہی مہتم بالشان اور عظمت کا حامل دن ہے، تاریخ کے عظیم واقعات اس سے جڑے ہوئے ہیں؛ چناں چہ موٴرخین نے لکھا ہے کہ:(۱)یوم عاشورہ میں ہی آسمان وزمین، قلم اور حضرت آدم علیہما السلام کو پیدا کیاگیا۔
(۲)اسی دن حضرت آدم علیٰ نبینا وعلیہ الصلاة والسلام کی توبہ قبول ہوئی۔(۳) اسی دن حضرت ادریس علیہ السلام کو آسمان پر اٹھایا گیا۔(۴) اسی دن حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی ہولناک سیلاب سے محفوظ ہوکر کوہِ جودی پر لنگرانداز ہوئی۔(۵) اسی دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ،،خلیل اللہ“ بنایا گیا اور ان پر آگ گلِ گلزار ہوئی۔
(۶)اسی دن حضرت اسماعیل علیہ السلام کی پیدائش ہوئی۔
(۷) اسی دن حضرت یوسف علیہ السلام کو قید خانے سے رہائی نصیب ہوئی اور مصر کی حکومت ملی۔(۸) اسی دن حضرت یوسف علیہ السلام کی حضرت یعقوب علیہ السلام سے ایک طویل عرصے کے بعد ملاقات ہوئی۔
(۹)اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کو فرعون کے ظلم واستبداد سے نجات حاصل ہوئی۔(۱۰) اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السلام پر توریت نازل ہوئی۔(۱۱) اسی دن حضرت سلیمان علیہ السلام کو بادشاہت واپس ملی۔(۱۲) اسی دن حضرت ایوب علیہ السلام کو سخت بیماری سے شفا نصیب ہوئی۔(۱۳) اسی دن حضرت یونس علیہ السلام چالیس روز مچھلی کے پیٹ میں رہنے کے بعد نکالے گئے۔(۱۴) اسی دن حضرت یونس علیہ السلام کی قوم کی توبہ قبول ہوئی اور ان کے اوپر سے عذاب ٹلا۔(۱۵)اسی دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش ہوئی۔(۱۶) اور اسی دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو یہودیوں کے شر سے نجات دلاکر آسمان پر اٹھایاگیا۔(۱۷)اسی دن دنیا میں پہلی بارانِ رحمت نازل ہوئی۔
(۱۸) اسی دن قریش خانہٴ کعبہ پر نیا غلاف ڈالتے تھے۔
(۱۹) اسی دن حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجة الکبریٰ رضی اللہ عنہ سے نکاح فرمایا۔
(۲۰) اسی دن کوفی فریب کاروں نے نواسہٴ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور جگر گوشہٴ فاطمہ رضی اللہ عنہما کو میدانِ کربلا میں شہید کیا۔
(۲۱) اور اسی دن قیامت قائم ہوگی۔ نزہة المجالس ۱/۳۴۷، ۳۴۸،عاشورا کے دن ان اعمال کو عُلَما کرام نے مستحب لکھا ہے:(1)روزہ رکھنا(2)صدقہ کرنا (3) نفل نماز پڑھنا (4)ایک ہزارمرتبہ قُلْ هُوَ اللّٰهُ پڑھنا (5)عُلَما کی زیارت کرنا (6)یتیم کے سَر پر ہاتھ پھیرنا (7)اپنے اہل و عِیال کے رِزْق میں وُسْعت کرنا (8)غسل کرنا (9) سُرمہ لگانا (10)ناخن تراشنا (11)مریضوں کی بیمار پُرسی کرنا (12)دشمنوں سے مِلاپ (یعنی صلح صفائی ) کرنا۔(جنتی زیور، ص158)
شہدا ئے کربلا کو ایصالِ ثواب کیجئے:عاشورا کے دن نواسۂ رسول،جگر گوشۂ بتول،امامِ عالی مقام،حضرت سیِّدُنا امام حسین رضی اللہ عنہ نےاپنے رُفَقا (ساتھیوں) کے ہمراہ گلشنِ اسلام کی آبیاری کی خاطراپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، لہٰذا ہمیں اس دن شہدائے کربلا کے ایصالِ ثواب کے لئے قراٰن خوانی، ذِکْر و دُرُوْد اور نذر ونیاز کا بھی اہتمام کرنا چاہئے۔
✒️تلمیذ محدث کبیر عبدالرشید امجدی‌اشرفی دیناجپوری

Exit mobile version