امام اہل سنت سیدی اعلٰی حضرت علیہ الرحمہ کی ذات وستودہ صفات علمی کہکشاؤں میں اپنی ایک الگ جہاں آباد کئے ہے۔ جہاں پر لوگوں نے عقیدت و محبت کا نذرانہ اپنے اپنے انداز میں پیش کیا۔ اسی سلسلتہ الذہب کی ایک نایاب کڑی “سہ ماہی عرفان رضا” ہے۔ جو بزرگوں کی مقبول دعاؤں کے ساۓ میں اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کی علمی شخصیت کو “عرفان رضا” کے نام سے رسالے کی صورت میں عوام اہل سنت تک پہنچانے کی اس کے جملہ مدیر اور علمی ٹیم شب و روز مصروف عمل رہتے ہیں ۔ آج کل میرے دن کا چوتھائی حصہ ڈیجیٹل دنیا میں ہی گزرتا ہے، کیوں کہ میں ریسرچ سینٹر لکھنؤ کا ایک طالب علم ہوں۔ ایسی صورت میں زندگی کی زلف برہم کو سنوارنے میں ڈیجیٹل دنیا بہت معاون ثابت ہوتی ہے۔ وہیں پر مجھے متعدد دینی،ادبی و ثقافتی رسائل بھی بصر نواز ہوتے رہتے ہیں۔ انہی متنوع رسائل کی جھرمٹ میں حضرت مولانا محمد نفیس القادری امجدی صاحب کے توسل سے ایک پی ڈی یف بنام “فقیہ اہل سنت نمبر” بھی نظر نواز ہوئی۔ دیکھ کر بحمدہ تعالیٰ بڑی خوشی محسوس ہوئی اور عرفان رضا کی پوری ٹیم کے لیے دل سے دعا نکلی کہ “اللہ عزوجل آپ سبھی حضرات کو خوب خوب کامیابی عطا فرمائے آمین” (یوں ہی فکر رضا کی ضیاباریوں کو عرفان رضا کے ذریعہ عام کرنے میں سرگرم رہیں۔) اسلاف شناسی کا یہ طریقہ نسل نو کی ذہن سازی میں بہت مفید ثابت ہوگا۔ عرس رضوی کے حسین موقعے پر “مصلح اعظم نمبر” جو کہ سیدی اعلٰی حضرت علیہ الرحمہ کی ذات و شخصیت اور آپ کے احوال و کوائف پر مشتمل اسلاف شناسی کے نایاب سلسلے کا آغاز خصوصی شمارہ کے طور پر کیا گیا تھا۔ جس کو حلقۂ ارباب و دانش میں خوب پزیرائی ملی دوسرا خصوصی شمارہ بنام “فقیہ اہل سنت نمبر”فقیہ اہل سنت استاذ گرامی وقار حضرت علامہ و مولانا مفتی آل مصطفے مصباحی صاحب علیہ الرحمہ کی گراں قدر و بے لوث دینی و ملی، فقہی و تدریسی اور تصنیفی و تحریری خدمات و کارناموں پر مشتمل مختلف قلم کاروں کی تخلیقات سے مزین ہوکر جلد ہی منظر عام پر آنے والا ہے۔ ایسی صورت میں سوشل میڈیا و پرنٹ میڈیا کے ذریعہ وابستگان قرطاس و قلم کو باضابطہ دعوت تحریر دی جا چکی ہے۔ اس رسالے کے مدیر اعلیٰ مولانا محمد نفیس القادری امجدی صاحب مرادآبادی و مدیر اعزازی مولانا محمد ناظر القادری مصباحی صاحب و مدیر معاون مولانا محمد شہباز مصباحی صاحب و مدیر مسؤل مولانا محمد افتخار امجدی صاحب و مشیر اعلیٰ مفتی مشتاق احمد امجدی صاحب و تزئین کار مولانا محمد رضاء المصطفے امجدی صاحب اور کمپوزر مولانا مطلوب خان نوری صاحب نیز مجلس مشاورت و مجلس معاونت سہ ماہی عرفان رضا علمی ٹیم کی صلاحیت،بالغ نظری اور ملی شعور و حمیت کے ساتھ اپنے ہم عصر علماء میں امتیازی شان و شوکت رکھتے ہیں۔ میں عرفان رضا کی سبھی علمی ٹیم کو خصوصی شمارہ بنام “فقیہ اہل سنت نمبر” نکالنے پر صمیم قلب سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
Leave a Reply