رپورٹ:علی محمدقادری انواری خادم:مدرسہ فیضانِ گل محمد شاہ جیلانی، بھونی کاپار، تحصیل گڈرا روڈ ضلع باڑمیر(راجستھان)
22 ذی القعدہ 1443 ھ مطابق 23 جون 2022 عیسوی بروز جمعرات مغربی راجستھان کی عظیم وممتاز اور علاقۂ تھار کی دینی وعصری، تعلیمی وتدریسی،تربیتی اور مرکزی درسگاہ “دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف” کی تعلیمی شاخ “مدرسہ فیضانِ گل محمد شاہ جیلانی بھونی کاپار تحصیل گڈرا روڑ ضلع باڑمیر” میں ایک “دینی واصلاحی مجلس مشاورت” دارالعلوم انوارمصطفیٰ کے مہتمم وشیخ الحدیث وخانقاہ عالیہ بخاریہ سہلاؤشریف کے صاحب سجادہ نورالعلماء شیخ طریقت حضرت علامہ الحاج سیدنوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی-
واضح رہے کہ یہ مجلس مشاورت دارالعلوم کے ارکان کی تحریک اور دارالعلوم کی تعلیمی شاخ “مدرسہ فیضانِ گل محمد شاہ جیلانی بھونی کاپار” کے ذمہ داران بالخصوص فقیر علی محمدقادری انواری مدرس مدرسہ ہٰذا کی درخواست وگذارش پر دارالعلوم کی مذکورہ تعلیمی شاخ میں تعلیمی وتعمیری میدان میں بہتری لانے اور لوگوں کے دلوں میں دینی تعلیم کی اہمیت وفضیلت اور دینی جزبہ پیداکرنے بالخصوص مسجد ومدرسہ کو باقاعدہ آباد کرنے کی خاطر منعقد کی گئ تھی-
مجلس کی شروعات حضرت مولانا محمددائم صاحب انواری کے ذریعہ تلاوت کلام ربانی سے کی گئی، بعدہ مولوی ابوبکر انواری متعلم درجۂ فضیلت دارالعلوم انوارمصطفیٰ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا،پھر ادیب شہیر حضرت مولانا محمدشمیم احمد صاحب نوری مصباحی ناظم تعلیمات:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف نے لوگوں کے سامنے اس مجلس مشاورت کے اغراض ومقاصد کو بیان کرتے ہوئے لوگوں کو اپنی آبادی کی مسجدومدرسہ کو باقاعدہ آباد کرنے اور اس کی مزید تعمیروترقی کی طرف دھیان دینےکی تاکید وتلقیں کی-
آخر میں سرپرست مجلس نورالعلماء رہبرقوم وملت حضرت علامہ الحاج پیر سیدنوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے سبھی شرکائے مجلس کو اپنے ناصحانہ خطاب سے نوازا،آپ نے اپنی نصیحتوں کے دوران خصوصیت کے ساتھ ان باتوں پر زور دیا:اپنے بچوں کے دینی وعصری تعلیم پر خصوصی توجہ دیں بالخصوص دینی تعلیم پر، تعلیم کے ساتھ بچپن سے ہی ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں، کیونکہ بچوں کی تربیت پر دھیان دینا انتہائی ضروری ہے،اکثر لوگ یہ کہہ دیاکرتےہیں کہ جب بچہ بڑا ہوگا تو خود ہی ٹھیک ہوجائےگا، جب کہ صحیح اورتجربہ کی بات یہ ہے کہ جو بچہ بچپن میں تمیز نہیں سیکھتا وہ بڑا ہوکر بھی جلدی تمیز نہیں سیکھ پاتا،اگر بچوں کو بچبن سے ہی اچھی تعلیم وتربیت دی جائے تو وہ بڑے ہوکر بھی اچھی زندگی بسر کریں گے اور ایسے بچے سماج وملک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے،ہمیں چاہییے کہ ہم اپنے بچوں کو بچپن سے ہی دین کی طرف بالخصوص دینی تعلیم کی طرف راغب اور متوجہ کریں،کیونکہ سبھی والدین اور گارجین کے لیے یہ لازم وضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کریں،انہیں اچھاانسان بنائیں،ان کی اچھی تعلیم وتربیت کا انتظام کریں خصوصی طور پر انہیں دینی تعلیم وتربیت سے ضرور آراستہ کریں-اس کے لیے الحمدللہ آپ حضرات نے اپنی آبادی میں ایک اچھے مکتب کا قیام کیاہے،ماشاءاللّٰہ اس مکتب میں طلبہ وطالبات کی اچھی تعداد ہے جو اپنے آپ کو تعلیم وتربیت سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں-
آپ نے دوران نصیحت یہ بھی فرمایا کہ آپ حضرات اپنی آبادی کی مسجد ومدرسہ اور ان کے مدرس وامام پر خصوصی دھیان دیں،نماز پنجگانہ کے پابند بنیں،اور دوسرے اسلامی بھائیوں کو بھی نماز ودیگر ارکان اسلام کی حتی الوسع دعوت خیر دیں،اپنے گاؤں میں دینی واسلامی ماحول قائم کریں،اپنے مسجد کے امام اور مدرسہ کے مدرس کی خوب خوب خدمت کریں، ان کی عزت افزائی کریں،ہر طرح سے ان کا بھر پور خیال رکھتے ہوئے برابر مسجد ومدرسہ کی خبرگیری کرتے رہیں،اور مدرسہ کے لیے کم ازکم ایک کشادہ ہال اور اپنے مدرس کی رہائش کے لیے ایک کمرہ ضرور تعمیر کروانے کی کوشش کریں،آپس میں اتفاق واتحاد کا مظاہرہ کریں اور مسجد ومدرسہ کے معاملہ میں کسی طرح کی بھی سیاست سے دور رکھیں،دینی کاموں میں سب لوگوں بھائی بھائی بن کر جوش وجزبہ کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،مسجد ومدرسہ میں خرچ کیا ہواآپ کا مال صدقۂ جاریہ کی حیثیت رکھتاہے اس لیے اپنی آخرت کی بھلائی کے لیے مسجدومدرسہ کی تعمیر وترقی میں حتی الامکان حصہ لیں،دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کے حصول پر بھی خوب خوب توجہ دیں،اپنے بچوں کو دنیاوی اعتبار سے بھی عصری تعلیم کے ذریعہ اعلیٰ مناصب پر فائز کرنے کی کوشش کریں،آپ نے اس طرح کی بہت سی مفید باتیں اور مشورے لوگوں کے سامنے رکھیں جس پر لوگوں نے عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی،آخر میں آپ نے لوگوں بالخصوص مدرسہ کے ذمہ داران ومدرسین کو مخاطب کر کے فرمایا کہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ کی جو پورے علاقۂ تھار میں 80 تعلیمی شاخیں چل رہی ہیں ہم ان شاخوں کی کامیابی اس وقت تصور کرتے ہیں جب ان مکاتب کے مدرس اپنے مکتب سے ناظرہ قرآن اور اردو وغیرہ پڑھا کر سال بہ سال کچھ بچوں کو دارالعلوم میں حفظ وقرات یا عالمیت کا کورس کرنے کے لیے دارالعلوم بھیجتے ہیں اس لیے آپ سے بھی گذارش ہے کہ آپ سالانہ کچھ ہونہار طلبہ کو اس لائق ضرور بنائیں کہ وہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ میں داخلہ لے کر حافظ وقاری یا عالم دین بن سکیں،الحمدللہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف میں جہاں عالم وفاضل تک پڑھائی کا نظم ونسق ہے وہیں ساتھ ہی ساتھ دسویں کلاس [ہائی اسکول] تک عصری تعلیم کا بھی بندوبست ہے،اور ان شاءاللہ العزیز عنقریب بارہویں کلاس[انٹر میڈیت] کی منظوری راجستھان حکومت کی طرف سے مل جائےگی-
الحمدللہ یہ مجلس مشاورت امید سے زیادہ کامیاب اور معنیٰ خیز رہی، گاؤں کے لوگوں نے جوش وجذبہ اور خلوص ومحبت کا خوب خوب اظہار کیا-
اس مجلس میں علمائے کرام کے علاوہ خصوصیت کے ساتھ یہ حضرات شریک ہوئے-
جناب محمداحسان صاحب،محمد رمضان ،محمدامین،حاجی عبدالرحیم، ماسٹر عبدالملوک،محمد امین خان،محمدمرید وغیرہم-
صلوٰة وسلام اور قبلہ پیر صاحب کی دعاؤں پر یہ مجلس سعید اختتام پزیر ہوئی-
Leave a Reply