قلب شاہ امم سیدہ فاطمہ
بنت جان حرم سیدہ فاطمہ
عورتوں کی ہیں سردار وہ خلد میں
خود ہیں شان ارم سیدہ فاطمہ
تیرے حسنین نے کتنا اونچا رکھا
نور حق کا علم سیدہ فاطمہ
برکتیں آئیں میرے قلم کی طرف
جب کیا ہے رقم سیدہ فاطمہ
فاتح خیبر و شیر حق ہیں ، ترے
شوہر محترم سیدہ فاطمہ
سب رسولوں سے افضل تریں ہیں ،ترے
والد ذی حشم سیدہ فاطمہ
تیرے علم و کمالات کے سامنے
فضل کے سر ہیں خم سیدہ فاطمہ
مشعل راہ ہے مومنوں کے لۓ
تیرا نقش قدم سیدہ فاطمہ
کرلو بند اپنی آنکھوں کو ، آئینگی اب
شہ کی ناز و نعم سیدہ فاطمہ
جب لیا نام اقدس ترا، مٹ گیے
“عینی “کے سب الم سیدہ فاطمہ۔
از: سید خادم رسول عینی