زمیں تاعرش دنیا خوب صورت ہونے والی ہے
جہاں میں آمد ماہ نبوت ہونے والی ہے
بفضل رب کہوں گا ایک دن ، امید ہے مجھ کو
رسول اللہ کے در کی زیارت ہونے والی ہے
بشارت دینے آئے ہیں فرشتے آمنہ بی کو
کہ تیرے گھر محمد کی ولادت ہونے والی ہے
خیال مصطفے آنا نمازوں میں سند ہے یہ
کہ مقبول حضورِ رب عبادت ہونے والی ہے
بہت ہی شادماں زیرِ کفن ہے ان کا دیوانہ
کہ اس کو قبرمیں شہ کی زیارت ہونے والی ہے
بہت پہلے ہی آقا نے بتایا تھا کہ کربل میں
مرے پیارے نواسے کی شہادت ہونے والی ہے
میں نعت مصطفے صل علی لکھنے لگا صفدر!
مجھےلگتا ہے اب معراجِ قسمت ہونے والی ہے
از ـ محمد آفتاب عالم صفدرکیموری بہار ثم جونپور یوپی
Leave a Reply