۔۔۔۔۔۔۔پہلا دن ۔۔۔۔۔۔۔
گل گلزار سید السادات ، خلیفۂ اجل مجاہد ملت ، امین شریعت ، کثیر الدروس حضرت العلام سید عبد القدوس المعروف بہ مفتی اعظم اڈیشا علیہم الرحمہ کا ۲۸ واں سالانہ
۔۔۔۔“عرس قدوسی” ۔۔۔۔
حسب اعلان 3و4 ربیع النور1444 ھج مطابق 30 اور یکم اکتوبر 2022 کو 28 واں عرس قدوسی انتہائی تزک و احتشام اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
جس میں ملک کے متعدد صوبوں کے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور صاحب عرس کے روحانی فیوض و برکات سے مالامال ہوئے۔
حسب پروگرام 30 ویں ستمبر کو بعد نماز جمعہ
۔۔۔۔۔قدوسی پرچم کشائی ۔۔۔۔۔
کی رسم صاحب سجادہ شیر اہل سنت حضرت علامہ مفتی سید آل رسول حبیبی ہاشمی کے ہاتھوں ادا کی گئی۔ مگر حضرت نے بغداد شریف کے جید عالم دین حضرت شیخ خالد ناجی حسینی صاحب قبلہ اور ملک یمن کے بزرگ علامہ ڈاکٹر حمید بن مسعد وغیرہ کو اپنے ہمراہ لیکر نعروں کی جھنکار میں پرچم کشائی فرمائی ، جس سے حاضرین میں نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا ۔
پھر حضور شیر اہل سنت کی ہمراہی میں علما اور عوام کا کثیر التعداد قافلہ “بیت القدس” کے دوسرے منزلے کے ” قــــدوســـی وضـــو خــــانہ” کا افتتاح کے لئے چل پڑا ، اور وضو خانہ پہنچا ، وضو خانے کے زیب و زینت کو دیکھ کر نشاط و طرب سے لوگوں کے دل جھوم اٹھے اس کے بعد حضور شیر اہل سنت ، حضرت خالد ناجی حسینی بغداد شریف ، حضرت علامہ ڈاکٹر حمید بن مسعد یمن شریف ، ناصر ملت الحاج سید عطا محی الدین قدوسی حبیبی بھدرک شریف ، عزیز العلما حضرت علامہ سید عرف رسول قدوسی ازہری ، حضرت مولانا حافظ وقاری فیضان احمد قادری خطیب و امام بیت القدس ، حضرت مولانا حافظ محمد ندیم قدوسی (مٹیا برج کولکاتا) نے وضو کرکے اس کا افتتاح فرمایا –
پھر یہ نورانی قافلہ روضہائے مفتی اعظم اڈیشا ومحمودۂ اہل سنت میں حاضر ہوا کہ ان دونوں قبروں کی درمیانی جگہ کو گوشۂ درود قرار دیا گیاہے اسی کا افتتاح کرنا ہے
وہاں پہنچنے کے حضور شیر اہل سنت نے بلند آواز میں آیت درود تلاوت کی پھر سب سے پہلے درود قدوسیہ کا ورد فضیلۃ الشیخ نقیب الاشراف حضرت علامہ شیخ خالد ناجی ( بغداد شریف )نے کیا اور دعا فضیلۃ الشیخ علامہ ڈاکٹر حمید بن مسعد یمنی نے فرمائی
اس کا عمدہ تر اہتمام عزیز العلما حضرت علامہ سید عرف رسول قدوسی ازہری نے کیا فجزاھم خیر الجزا
پھر بعد نماز عصر فاتحۂ توشہ شریف ہوئی جس میں اراکین عرس کمیٹی خانقاہ قدوسیہ ،الجامعة القدوسیہ کے اساتذہ و طلبا اور بیرونی زائرین نے خصوصیت کے ساتھ شرکت کی اور غوث اعظم کے نام کا بیش قیمت حلوہ تناول فرمایا
فاتحہ سے پہلے حضرت مولانا حافظ و قاری فیضان احمد قادری نے مختصر خطاب فرمایا جس میں فاتحۂ توشہ کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ
یہ توشہ مقبول و محبوب ہے ، جس نیت سے اس کا اہتمام ہوگا اسی میں اسے ضرور کامیابی ہوگی ان شاء اللہ انہوں نے مزید
فرمایا کہ
اس کے حلوے میں ڈالی جانے والی اشیا کی مقدار اور متعدد وظائف کی تعداد ہی متعین نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہے کہ اس حلوے کو سب سے پہلے ہاشمی سادات میں سے کوئی تناول کرے پھر اس کا جھوٹا سب لوگ استعمال کریں کہ ایسا کرنے پر اس کی مقبولیت پکی ہو جاتی ہے۔
پھر بعد نماز مغرب یمن شریف سے آئے ہوئے بزرگ حضرت علامہ ڈاکٹر حمیدبن مسعد نے یمنی طرز پر لا إله إلا اللہ کی ضرب لگائی ،مجمع نے آپ کا بھر پور ساتھ دیا ، رب اکبر کا اسم مبارک جب ایک ساتھ گونجتا تھا تو اس کی کیفیت بڑی روحانی ہوجاتی تھی
اس کا نورانی دور تقریبا چالیس منٹ جاری رہا، ٹھیک سوا سات بجے حضرت محمودۂ اہل سنت والدۂ شیر اہل سنت قدس سرہ کا قل شریف ہوا،
بعدہ عزیز العلما حضرت علامہ حافظ سید عرف رسول قدوسی ازہری نے تلاوت قرآن پاک سے جلسے کا آغاز فرمایا پھر مشہور شاعر و نعت خواں حضرت مولانا حافظ عمران مظہر برکاتی، ملک گیر شہرت یافتہ شاعر و نعت خواں ندیم رضا فیضی اور درباری شاعر حضرت پیر محمد قدوسی شیدا بھدرکی نے گلہائے نعت ومنقبت پیش کئے
حضرت علامہ شاہنواز ازہری (پر تاب گڈھ)نے مختصر مگر جامع خطاب فرمایا بعدہ حضور شیر اہل سنت نےپر جوش لہجے میں تعارفی خطبہ پیش کیا بعدہ شہزادۂ رئیس ملت حضرت علامہ سید جامی اشرف اشرفی نے عمدہ تقریر سے سرفراز کیا
پھر فقیہ النفس حضرت علامہ مفتی مطیع الرحمن مضطر نے تاثراتی خطبہ ارشاد فرمایا
آپ نے خانقاہ کے دار الإفتا اور دار القضا کے زیب و زینت کو دیکھ کر فرمایا کہ
“جدید انداز تعمیر ، کتابوں کی نرالی سج دھج اور اس کا حسن انتظام جاذب نظر اور مؤثر کن ہے ، شاید پورے صوبہ اڈیشا میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا دار الإفتا ہے”
اجلاس کا اختتام تقریبا بارہ بجے شب حضرت نقیب الاشراف بغدادی کی دعاؤں پر ہوا –
شہزادۂ فقیہ ملت حضرت علامہ مفتی ازہار احمد امجدی ، نبیرۂ رئیس القلم حضرت علامہ محمود غازی ازھری (دہلی )حضرت مولینا حافظ ندیم قدوسی کولکاتا نے اپنی شرکت سے زینت بخشی –
حضرت مولانا مظہر برکاتی بریلوی نے نقابت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیئے بعد جلسہ تمام شرکا نے لنگر قدوسیہ سے عشائیہ تناول فرمایا۔
پہلے روز کا پروگرام تمام ہوا
۔۔۔۔۔۔ پیش کش۔۔۔۔۔۔
سید خادم رسول قدوسی عینی
۔۔۔۔۔ناظم نشر و اشاعت۔۔۔۔
خانقاہ قدوسیہ ، بھدرک شریف ، اڈیشا
Leave a Reply