سَیّدنا غَوثِ اَعظم:
(سَوانِحِ حَیَات ایک نظر میں)
آپ کی وِلادَتِ بَاسَعَادَت مُلکِ اِیرَان کے صُوبَۂ طبرِستَان کے علاقہ گیلان یا جیلان کے نَحِیف نامی قصبہ میں سَادَات خاندان (جو دو تین پُشتوں سے یہاں آباد تھا) میں ہوئی۔
جس کی وَجہ سے آپ جیلانی یا گیلانی کے لقب سے مُلَقَّب ہوئے۔
ایک روایت میں آپ کی پیدائش اُنتِیس شَعبَان ســـنه ٤٧٠ ھ میں ہے۔
لیکن آپ کی صَحِیح تاریخِ پيدائش یَکُم رَمَضَانُ المُبَارَک ســـنه ٤٧٠ ھ بَوَقتِ شَب ہے۔
( بہجۃالاسرارومعدن الانوار/ ذکرنسبہ وصفتہ ، ص۱۷۱/ الطبقات الکبرٰی للشعرانی/ ابو صالح سیدی عبدالقادرالجیلی، ج۱ ، ص۱٧٨)
غَوثِ اَعظم رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُ کے آبَاء و اَجدَاد:
آپ کا خاندان صَالِحِین کا گھرانا تھا آپ کے داداجان ، ناناجان ، والد ماجد ، والدهٔ محترمہ ، پُھوپھی جان ، بھائی اور صَاحبزادگان سب مُتَّقِی و پرہیزگار تھے.
اسی وجہ سے لوگ آپ کے خَاندان کو اشراف کا خَاندان کہتے تھے۔
سَیِّد و عَالِی نَسَب دَر اَولیَاء اَست
نُورِ چَشمِ مُصطفےٰ و مُرتَضےٰ اَست
آپ رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُ کے وَالدِ مَاجِد:
آپ کے والدِ مُحترم حضرت سَيّد اَبُوصَالِح مُوسیٰ جَنگی دوست رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُ تھے.
آپ کا اِسمِ گِرامی ”سَیِّد مُوسیٰ” کُنّيَّت ”اَبُوصَالِح” اورلقَب ”جَنگی دوست” تھا.
آپ جیلان شریف کے اکابر مَشائِخ کِرام رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُم میں سے تھے۔
لقَب ”جَنگی دوست” کی وَجہ:
آپ رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُ کالقَب جَنگی دوست اس لیے ہوا کہ آپ خَالِصَۃً اللّٰه کی رضا کے لیے نَفس کُشِی اور رِیَاضَت و مُجَاهِدَه میں یَکتَائے زمانہ تھے.
نیکی کے کاموں کا حُکم کرنے اور بُرائی سے روکنے کے لیے مشہور تھے اور اس معاملہ میں اپنی جَان تک کی بھی پَروا نہ کرتے تھے.
چُنانچہ ایک دن آپ جامع مسجد کو جا رہے تھے کہ خَلِیفَۂ وَقت کے چَند مُلازِم شَرَاب کے مَٹکے نہایت ہی اِحتیاط سے سَروں پر اُٹھائے جا رہے تھے ،
آپ نے جب اُن کی طرف دیکھا تو جَلال میں آگئے اور اُن مَٹکوں کوتوڑ دیا۔
آپ کے رُعب اور بُزرگی کے سامنے کسی ملازم کو دَم مَارنے کی جُرأت نہ ہوئی تو اُنہوں نے خَلِیفَۂ وَقت کے سامنے واقعہ کا اِظہار کیا اور آپ کے خِلاف خليفہ کو اُكسايا ،
تو خَليفہ نے کہا:
”سَیّد مُوسیٰ (رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُ) کو فَوراً میرے دَربار میں پیش کرو۔”
چُنانچہ آپ کو دَربار میں پیش کیا گیا.
خَلیفَہ اُس وقت غَیظ و غَضَب كے عَالَم ميں کُرسِی پر بيٹھا تھا،
خَليفہ نے للکار کر کہا:
”آپ کو میرے مُلازمین سے اُلجهنے کی جُرأت كيسے ہوئی؟”
آپ نے فرمایا:
”میں مُحتَسِب ہوں اورمیں نے اپنا فرضِ مَنصَبِی اَدَا کیاہے۔”
خلیفہ نے کہا:
”آپ کس کے حُکم سے مُحتَسِب مُقَرَّر کئے گئے ہیں؟”
آپ نے رُعب دَار لہجَہ میں جواب دیا:
”جس کے حُکم سے تم حُکومَت کر رہے ہو۔”
آپ کے اس اِرشاد پر خَلیفہ پر ایسی رِقَّت طاری ہُوئی کہ سَربَزَانُوں ہوگیا (یعنی گھُٹنوں پر سَر رَکھ کر بَیٹھ گیا) اورتھوڑی دیر کے بعد سَر کو اُٹھا کر عَرض کیا:
”حُضُورِ وَالا ! اَمر بِالمَعرُوف اور نَہِی عَنِ المُنکر کے عِلاوَہ مَٹکوں کو توڑنے میں کیا حِکمَت تھى؟”
آپ نے اِرشَاد فرمایا:
”تمہارے حَال پر شَفقَت کرنا نِیز تُجھ کو دُنیا اور آخرَت کی رُسوَائِی اور ذِلَّت سے بَچَانا۔”
خَلِیفَہ پر آپ کی اس حِکمت بھری گفتگو کا بہت اثر ہوا اور مُتأثّر ہوکر آپ کی خِدمَتِ اَقدَس میں عَرض گُزَار ہوا:
”عَالیجاہ! آپ میری طرف سے بھی مُحتَسِب کے عُہدَہ پر مَامُور ہیں۔”
آپ نے اپنے مُتَوَکّلانہ انداز میں فرمایا: ”جب میں حَق تَعَالیٰ کی طرف سے مَامُور ہوں تو پھر مجھے خَلق کی طرف سے مَامُور ہونے کی کیا حَاجَت ہے۔”
اُسی دِن سے آپ ”جَنگی دوست” کے لقب سے مشہور ہوگئے۔
( سِیرتِ غَوثُ الثَّقلین، ص۵۲)
آپ رضى اللّٰه عنه کا نَسَب شریف:
سیّد اَبُوصَالِح مُوسیٰ جَنگی دوست
بن سیّد اَبُو عَبدُاللّٰه جیلی
بن سیّد یَحیٰ زاهد
بن سیّد محمد مُورِث رُوحى
بن سیّد داؤد امير امجد
بن سیّد مُوسیٰ ثانی
بن سیّد عَبدُاللّٰه ثانى
بن سیّد مُوسیٰ جون
بن سیّد عَبدُاللّٰه محض
بن سیّد امام حَسَنِ مُثنّیٰ
بن سیّدنا امام حَسَنِ مُجتَبىٰ
بن سیّدنا علی المرتضی
رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین
حُضُور غَوثِ اَعظم کی وَالدَہُ مَاجدَہ کا اِسمِ گِرامی سَیِّدَہ فَاطِمَہ اُمُّ الخَیر اَمَةُ الجَبَّار تھا جو خَاندَانِ سَادَاتِ رَضوِی (بَنِسبَتِ اِمَام عَلِى رَضَا) سے تھیں۔
آپ کی وَالدَۂ طَاہِرَہ کا شجرۂ نَسَب ذیل میں ہے۔
سَیِّدَہ اُمُّ الخَیر فَاطِمَہ
بِنتِ سَیِّد عَبدُاللّٰه صُومَعِی
بِن اَبِی جَمَالُ الدِّین مُحَمَّد
بِن سَیِّد مَحمُود
بِن سَیِّد اَبِی العَطَاء عَبدُاللّٰه
بِن سَیِّد کمَالُ الدِّین عِیسیٰ
بِن سَیِّداَبِی عَلاءُ الدِّین مُحَمَّد الجَوَّاد
بِن اِمَام عَلِی الرَّضَا
بِن اِمَام مُوسیٰ الکاظِم
بِن اِمَام جَعفَر الصَّادِق
بِن اِمَام مُحَمَّد بَاقَر
بِن اِمَام زَینُ العَابِدِین عَلِی
بِن اَلاِمَامُ الہمَام اَلحُسَین شَہیدِ کربَلا
بِن اَلاِمَامُ الہمَام اَمِیرُالمُؤمِنِین سَیِّدنَا عَلِی اِبنِ اَبِی طَالِب
رَضِىَ اللّٰهُ تَعَالىٰ عَلَيهِم اَجمَعِين.
يعنى سركار غوث اعظم رَضِىَ اللّٰهُ عَنهُ اپنے وَالدِ مَاجد کی نِسبَت سے حَسَنِی اور وَالدَۂ مَاجدَہ کی نِسبَت سے حُسَینِی سَیِّد ہیں۔
( بہجۃالاسرار، معدن الانوار، ذکرنسبہ، ص۱۷۱)
سراج تاباؔنی ـ کلکتہ
ـ
فَيضَانِ تَاجُ الشَّرِيعَہ علیہ الرحمہ جَارِى ہے
Leave a Reply