WebHutt

Designing Your Digital Dreams.

حضور احسن العلما کی یاد میں خانقاہ برکاتیہ میں محفل کا انعقاد… محمد حسن رضاجامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف13/فروری 2023ء

حضور احسن العلما کی یاد میں خانقاہ برکاتیہ میں محفل کا انعقاد… محمد حسن رضاجامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف13/فروری 2023ء


آج/ 13 فروری 2023ء کو ، بعد نماز مغرب ، تاریخی برکاتی مسجد میں ، حضور احسن العلما حضرت سید شاہ مصطفیٰ حیدر حسن علیہ الرحمہ کی ولادت با سعادت کی خوشی میں ، شہزادۂ حضور احسن العلما شفیق العلما و الطلبا حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ و اساتذہ و طلباء کی موجودگی میں ، ایک محفل منعقد ہوئی ، جس کا آغاز قاری عرفان صاحب (مدرس جامعہ احسن البرکات) نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ، اس کے بعد نعت شریف پڑھنے کے لیے تشریف لائے محمد اظہار احسنی متعلم جامعہ ہذا ، اور پھر محمد اکرم احسنی نے ، حضور احسن العلما کی شان میں ، مولانا اکبر صاحب (مدرس جامعہ ہذا) کی لکھی ہوئی منقبت پیش کی ، اب وہ گھڑی آئی جس کو سننے کا شدت سے انتظار ہر برکاتی کو رہتا ہے ، یعنی بزم نوری کے دولہا ، شفیق العلما حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ تشریف لائے ، اور فرمایا:
حضور احسن العلما کا چہرہ ، چودھویں کے چاند کی طرح چمکتا تھا ، اور جب آپ کسی منبر پر علما کے درمیان تشریف رکھتے ، تو ایسا معلوم ہوتا تھا ، کہ ستاروں میں چاند موجود ہے ، اور جب یہ دونوں بھائی (حضور احسن العلما و حضور سید العلما) ایک منبر پر موجود ہوتے ، تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ چاند اور سورج ایک ہی منبر پر جمع ہو گئے ہیں۔

سبحان اللہ! کیسا نورانی چہرہ تھا ، جن لوگوں نے حضور احسن العلما کو دیکھا ہے ، وہ لوگ آج بھی ان کے نورانی چہرہ کا جگہ جگہ تذکرہ کرتے ہیں اور جب یاد زیادہ ستاتی ہے ، تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں۔ اسی لیے شرف ملت (شہزادہ حضور احسن العلما) فرماتے ہیں:
ہر سال تیری یاد کی شدت میں اضافہ
اس بار تو سینے سے جدا ہونے کو ہے دل

حضور احسن العلما کو یہ عزت یہ عروج یہ بادشاہت کیسے نصیب ہوئی اس بارے میں ابا حضور نے ارشاد فرمایا:
حضور احسن العلما کو یہ عروج ماں کی دعاؤں سے ملا ، آپ اپنی والدہ کا بے حد ادب کرتے اور ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار رہتے ، گرمیوں کے موسم میں ، فِرج (refrigerator) وغیرہ تو ہوتے نہ تھے ، کہ پانی ٹھنڈا ہو سکے ، تو حضور احسن العلما کنوے میں ڈول ڈال کر بہت اندر تک پٹکتے تھے تاکہ ٹھنڈا پانی نکل آئے ، اور روزانہ رات کو لوٹا بھر کر رکھ دیتے ، اور ساتھ ساتھ اس کی ٹونٹی پر کپڑا لپیٹ دیتے تاکہ کوئی کیڑا نہ چلا جائے
تب آپ (حضور احسن العلما) کی والدہ نے آپ کو دعا دی تھی کہ بیٹا حسن تم بادشاہت کرو گے۔
اور دعا بھی ایسی قبول ہوئی کہ بڑے بڑے آکر آپ کی بارگاہ میں دوزانو ہو کر بیٹھا کرتے تھے ،

اس کے علاوہ بھی ابا حضور حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ نے بہت سی باتیں ارشاد فرمائیں جن میں سے چند ہی میں ذکر کر سکا آخری بات اور عرض کر دوں
آپ نے بڑی پیاری بات ارشاد فرمائی کہ
ہم نے آپ (طلبہ) اور جامعہ کی وجہ سے اپنے پروگرام کم کر دیے ،اب تو ہم نے یہ زندگی جامعہ احسن البرکات کو وقف کر دی ہے۔
اس کے بعد صلوٰة و سلام پڑھا گیا اور دعا کے ساتھ محفل کا اختتام ہوا۔
اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مولی تعالیٰ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے میں ان سرکاوں کی عمر میں برکتیں عطا فرمائے جن کے بارے میں بریلی کے امام نے فرمایا
کیسے آقاؤں کا بندہ ہوں رضاؔ
بول بالے مِری سرکاروں کے


محمد حسن رضا
جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف
13/فروری 2023ء

صارف

Website:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *