WebHutt

Designing Your Digital Dreams.

Category امجدی ڈائری

میرے ہاتھ میں جو قلم ہے ”استاذ“ کی عطا ہے۔✍️آصف جمیل امجدی

ہر دہر میں استاذ کی اہمیت و افادیت کو مسلم الثبوت مانا گیا ہے۔ اللہ عزوجل نے نبی آخرالزماں ﷺ کے صدقے میں، کاٸنات و مافیھا کی خلقت فرماٸی، وہ مقدس نبی اپنی معرفت ایک بہترین معلم [استاد] کی شکل میں فرما رہے ہیں۔
گویا کاٸنات میں رنگ و روغن ایک ماہر تجربہ کار بااخلاق استاذ کے دم قدم اور محنتوں کا مثبت ثمرہ ہے۔ ایک انسان اگر اپنی زندگی کی رعناٸیوں میں گوناگوں نعمتوں سے بحراور ہے، عزت و شرف کے اعلیٰ منسب پر فاٸزالمرام ہے تو یہ سب اساتذہ کی مرہون منت ہے جس کا کسی زباں میں مجال انکار نہیں۔
آج ہی کے تاریخ یعنی 05/ ستمبر کو طلبہ یوم اساتذہ[Teacher,s day] کے حسین موقع پر اپنے جملہ معزز اساتذہ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروۓ کار لانے کی نایاب کوشش کرتے ہیں۔ کیوں کہ طلبہ کو معلوم ہے کہ انہی کی پاکیزہ ٹھوکروں میں ہمارے تخت و تاراج ہیں۔ اگرچہ مہمان رسول کی منور فہرست میں نام درج کرانے کا سہرا والدین کے سر سجتا ہے، لیکن علم مصطفےٰﷺ کا طالب و شاٸق بنانا اساتذہ کرام کی مشفقانہ و اخلاقیانہ کردار کا نتیجہ ہے۔ اگر طلبہ علم دین کی حصولیابی میں مصروف عمل ہیں تو یہ انہی مشفق اساتذہ کی مرہون منت ہے۔ خوف خدا، عشق مصطفےٰ کے شیریں جام سے اسی میکدے نے شرسار کیا ہے۔
انہی کے در سے عزت و شرف، علم و عمل کی ساری بہاریں ہیں۔ ایک شاگرد کو اپنے استاذ کی بارگاہ سے ایسی ایسی نادر و نایاب لازوال دولت ملتی ہے جس کا وہ زندگی میں کبھی تصور تک بھی نہیں کرسکتا۔
ایک استاذ ہی ہے جو طلبہ کو جہل کی تاریک وادیوں سے نکال کر، نور علم سے ان کے سینوں کو منور و مجلیٰ کرتے ہیں۔
جب بھی انسان اپنے آپ کو ترقی یافتہ پاۓ گا تو اس کی زندگی کے رموز و اوقاف کے فریم پر سنہرے حرفوں سے “استاذ” لکھا ہوگا۔ تعلیم قومی زندگی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے۔ تعلیم یافتہ افراد ہی سماجی زندگی کے تانے بانے بنتے ہیں۔ وقت کی نبض پر انہی کی نظر ہوتی ہے۔بدلتے حالات کا تجزیہ کرتے ہوۓ منصوبہ بندی بھی انہی کے ذریعہ ممکن ہوتی ہے۔قوموں کے عروج و زوال میں تعلیمی زندگی اور ان کے تقاضوں پر عمل آوری فیصلہ کن کردار نبھاتی ہے۔ حصولِ علم کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رُکن استاذ ہے، تحصیلِ علم میں جس طرح درسگاہ و کتاب کی اہمیت ہے اسی طرح حصولِ علم میں استاذ کا ادب و احترام مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔ استاذ کی تعظیم و احترام شاگرد پر لازم ہے کہ استاذ کی تعظیم کرنا بھی علم ہی کی تعظیم ہے اور ادب کے بغیر علم تو شاید حاصل ہو جائے مگر فیضانِ علم سے یقیناً محرومی ہوتی ہے اسے یوں سمجھئے: “با ادب با نصیب، بے ادب بے نصیب”
استاذ کے ادب کے مختلف دینی اور دُنیوی فوائد طالبِ علم کو حاصل ہوتے ہیں جن میں سے بعض یہ ہیں:

(1) امام بُرھان الدّین زرنوجی رحمۃ اللّٰه علیہ فرماتے ہیں: ایک طالبِ علم اس وقت تک علم حاصل نہیں کر سکتا اور نہ ہی اس سے نفع اٹھا سکتا ہے جب تک کہ وہ علم، اہلِ علم اور اپنے استاذ کی تعظیم و توقیر نہ کرتا ہو۔

(2) امام فخر الدین ارسا بندی رحمۃ اللّٰه علیہ مَرْو شہر میں رئیسُ الائمہ کے مقام پر فائز تھے اور سلطانِ وقت آپ کا بے حد ادب و احترام کیا کرتا تھا۔ آپ فرمایا کرتے تھے کہ مجھے یہ منصب اپنے استاذ کی خدمت و ادب کرنے کی وجہ سے ملا ہے۔
(راہ علم، ص 35 تا 38 ملتقطاً)

(3) صلاحیتِ فکر و سمجھ میں اضافہ ہونا

(4) ادب کے ذریعے استاذ کے دل کو خوش کر کے ثواب حاصل کرنا، حدیث ِپاک میں ہے: اللّٰه پاک کے فرائض کے بعد سب اعمال سے زیادہ پیارا عمل مسلمان کا دل خوش کرنا ہے۔ (معجم اوسط، 6 / 37، حدیث: 7911)

(5) ادب کرنے والوں کو اساتذۂ کرام دل سے دُعائیں دیتے ہیں اور بزرگوں کی دعا سے انسان کو بڑی اعلیٰ نعمتیں حاصل ہوتی ہیں۔
(صراط الجنان، 8 / 281)

(6) ادب کرنے والے کو نعمتیں حاصل ہوتی ہیں اور وہ زوالِ نعمت سے بچتا ہے کیونکہ جس نے جو کچھ پایا ادب و احترام کرنے کے سبب ہی سے پایا اور جس نے جو کچھ کھویا وہ ادب و احترام نہ کرنے کے سبب ہی کھویا۔
(تعلیم المتعلم، ص 35)

(7)استاذ کے ادب سے علم کی راہیں آسان ہو جاتی ہیں۔
(علم و علماء کی اہمیت، ص 108)

والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنی اولاد کو علم و اہلِ علم کا ادب سکھائیں۔ حضرت ابنِ عمر رضی اللّٰه عنہ نے ایک شخص سے فرمایا: اپنے بیٹے کو ادب سکھاؤ بے شک تم سے تمہارے بیٹے کے بارے میں پوچھا جائے گا اور جو تم نے اسے سکھایا اور تمہاری فرمانبرداری کے بارے میں اس لڑکے سے سوال کیا جائے گا۔
(شعب الایمان، حدیث: 8409)

☜اپنے استاد کی ہمیشہ دل سے قدر کیجیے، وہ چاہے مالی طور پر کم حیثیت کے ہوں، کبھی بھی ان کو مزاق کا نشانہ نہ بنائیۓ۔ یہ خدا کو غضب ناک کرنے والی بات ہے۔
☜استاد روحانی باپ کی طرح ہوتا ہے، سختی کرے یا ترش بولے تو اس کی اِدھر اُدھر شکایت نہیں کرنی چاہیے۔بلکہ اس کا جائز شکوہ اور گلہ دور کرکے اسے خوشی کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔
☜استاد کی خوشیوں اور غموں میں شریک ہونا چاہیے۔
☜استاد کی نظروں میں مقام بنانا مشکل کام نہیں ۔ اس کی پسند اور نگاہوں کو جانیں۔ جس جس خوبی اور کام کو وہ محبوب رکھتے ہیں اسے اختیار کریں۔
☜استاد سے کبھی گستاخی نہ کریں اور نہ ہی اونچے لہجے میں بات کریں۔
☜استاد کے ساتھ کج بحثی سے ہمیشہ گریز کریں۔غیر موجودگی میں ان کے عزت کی حفاظت کریں۔ ناکہ دوسروں کے ساتھ مل کر ان کے الٹے سیدھے نام رکھے جائیں اور ان کا مزاق اڑایا جاۓ۔
☜استاد سے تعلیم کے علاوہ بھی مشورے لینے اور رہنمائی حاصل کرنا کا ماحول بنانا چاہیے۔تاکہ ان کے تجربے اور مشاہدے سے فیض حاصل ہوسکے۔
☜استاد سے تعلیم مکمل ہونے کے بعد بھی رابطہ رکھنا چاہیے اور کبھی کبھی تحائف بھی بھجواتے رہنا چاہیے۔ روحانی ماں باپ کی دعائیں بے حد کارگر ہوتی ہیں۔
یوم اساتذہ[Teachers day] کی مناسبت سے پیاری سی نظم نذر قارئین کی جارہی ہے۔

استاذ محترم کو میرا سلام کہنا
اے دوستو!
ملیں تو بس اک پیام کہنا
کتنی محبتوں سے پہلا سبق پڑھایا
میں کچھ نہ جانتا تھا سب کچھ سکھایا
ان پڑھ تھا اور جاہل، قابل مجھے بنایا
دنیاۓ علم و دانش کا راستہ مجھے دکھایا
مجھ کو دلایا کتنا اچھا مقام
کہنا استاذ محترم کو میرا سلام
مجھ کو خبر نہ تھی آیا ہوں کہاں سے
ماں باپ اس زمیں پر لاۓ تھے آسماں سے
پہنچا دیافلک تلک استاذ نے یہاں سے
واقف نہ تھا ذرا بھی اتنے بڑے جہاں سے
جینے کا فن سکھایا مرنے کا بانکپن بھی
عزت کے گر بتاۓ، رسوائی کے چلن بھی
کانٹے بھی راہ میں ہیں، پھولوں کی انجمن تھی
تم فخر قوم بننا اور نازش وطن بھی
ہے یاد مجھ کو ان کا اک اک کلام
کہنا! استاذ محترم کو میرا سلام کہنا
جو علم کا علم ہے استاذ کی عطا ہے
ہاتھوں میں جو قلم ہے استاد کی عطا ہے
جو فکر تازہ دم ہے استاد کی عطا ہے
جو کچھ کیا رقم ہے استاد کی عطا ہے
ان کی عطا سے چمکا ہے نام
کہنا!
استاذ محترم کو میرا سلام کہنا۔
(منقول)

(مضمون نگار روزنامہ شان سدھارتھ کے صحافی ہیں)

شارحِ بخاری مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ کی ادبی خدمات۔{عرس فقیہ اعظم ہندکے حسین موقع پر خصوصی تحریر}✍️_آصف جمیل امجدی6306397662

[امجدی ڈاٸری]

حضور شارح بخاری فقیہ اعظم ہند مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ کی ولادت 11/ شعبان 1339ھ/ 20/ اپریل 1921ٕ ء/ میں مشہور و معروف اور مردم خیز خطہ ، قصبہ گھوسی کے محلہ کریم الدین پور اعظم گڑھ حال ضلع مئو میں ہوئی۔
آپ کا نسب نامہ کچھ اس طرح ہے ۔ مفتی محمد شریف الحق امجدی بن عبد الصمد بن ثناء اللہ بن لعل محمد بن مولانا خیرالدین اعظمی۔
مولا نا خیرالدین علیہ الرحمہ اپنے عہد میں پاے کے عالم اور صاحب کشف و کرامت بزرگ تھے ۔ ان کا یہ روحانی فیض آج تک جاری ہے کہ ان کے عہد سے لے کر اس دور میں پانچویں پشت تک ان کی نسل میں اجلہ علماے کرام موجود ہیں ۔ انہیں میں سے ایک شارح بخاری ، فقیہ اعظم ہند حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی بھی تھے ۔ جو ماضی قریب میں ہندو پاک کے مسلمانان اہل سنت کے صف اول کے مقتدا اور پوری دنیاۓ اہل سنت کے مرجع فتاوی اور مرکز عقیدت تھے ۔ آپ کی کثیر الجہات شخصیت کے متعلق استاذی الکریم حضور محدث کبیر علامہ ضیاء المصطفى قادری امجدی اطال اللہ عمرہ کچھ اس طرح فرماتے ہیں : ”حضرت مفتی صاحب قبلہ مدظلہ جماعت کے ممتاز ترین صاحب علم و بصیرت باقیات صالحات میں سے ایک ہیں۔ ذکاوت طبع اور قوت اتقان ، وسعت مطالعہ میں اپنی مثال آپ ہیں تعمق نظر ، قوت فکر ، زور استدلال اور حسن بیان ، زودنویسی میں بھی آپ انفرادی حیثیت رکھتے ہیں ۔ معلومات کی گیرائی و گہرائی میں بھی بلند رتبہ ہیں۔ خطابت ، جدل ومناظرہ میں بھی آپ کو امتیاز حاصل ہے ۔ کئی موضوعات پر آپ کی معلومات افزا تصانیف آپ کی تصنیفی خوبیوں کی مظہر ہیں۔“
مفتی شریف الحق امجدی کی ابتدائی تعلیم قصبہ گھوسی کے مقامی مکتب میں ہوئی ۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے 1934ء میں دار العلوم اشرفیہ مبارک پور میں داخلہ لیا اور حضور حافظ ملت مولانا عبدالعزیز مراد آبادی ( م 1976 ء ) کے زیر سایہ رہ کر آٹھ سال تک تعلیم حاصل کی ۔ 1942 ء میں آپ مدرسہ مظہر اسلام مسجد بی بی جی محلہ بہاری پور ، بریلی شریف پہنچے جہاں ابوالفضل حضرت علامہ سردار احمد گورداس پوری ثم لائل پوری محدث اعظم پاکستان کا خورشیدعلم تمام تر تابانیوں کے ساتھ اپنی کرنیں بکھیر رہا تھا ۔ محدث اعظم پاکستان سے آپ نے صحاح ستہ حرفاً حرفاً پڑھ کر دورہ حدیث کی تکمیل کی اور 15/ شعبان 1362ھ /1934 ء کو درس نظامی سے آپ کی فراغت ہوئی۔

  اساتذہ و مشائخ کرام میں جن حضرات کی تعلیم وتربیت کا آپ کی زندگی پر گہرا اثر تھا ان میں  *حضور صدر الشریعہ مولا نا امجد علی اعظمی،  حضورمفتی اعظم ہند مولانا مصطفی رضا خاں ، حضورحافظ ملت مولانا شاہ عبد العزیز محدث مرادآبادی ،  حضور محدث اعظم پاکستان مولانا سردار احمد قادری رضوی سرفہرست ہیں۔*

خصوصیت کے ساتھ آپ نے حافظ ملت سے سب سے زیادہ فیض پایا ۔ درس نظامی کے علاوہ فتوی نویسی کی تعلیم و تمرین ایک سال سے زائد حضور صدرالشریعہ مولانا امجد علی اعظمی سے حاصل کی اور حضور مفتی اعظم ہند قدس سرہ کی بارگاہ میں گیارہ سال رہ کر فتویٰ نویسی سیکھی اور اس کا عمل جاری رکھا۔
اکتساب علم کے بعد مفتی شریف الحق امجدی نے تقریبا پینتیس (35)سال تک نہایت ذمہ داری کے ساتھ بڑی عرق زیزی و جاں سوزی اور کمال مہارت کے ساتھ ہندوستان کے مختلف مدارس میں تدریسی خدمات انجام دیں ۔ ہرفن کی مشکل سے مشکل ترین کتابیں پڑھائیں ۔ برسہا برس تک دورۂ حدیث بھی پڑھاتے رہے اور اخیر میں درس و تدریس کا مشغلہ چھوڑ کر جامعہ اشرفیہ مبارک پور میں شعبہ افتا کی مسند صدارت پر متمکن ہوکر چوبیس برس تک رشد و ہدایت کا فریضہ انجام دیتے رہے۔ جن درس گاہوں کی مسند تدریس و افتا پر جلوہ افروز ہوکر آپ نے علم و حکمت کے گوہ آبداران لٹاۓ ان کے اسما یہ ہیں مدرسہ بحر العلوم مئوناتھ بھنجن ضلع اعظم گڑھ ، مدرس شمس العلوم گھوسی ضلع مٸو ، مدرسہ خیرالعلوم پلامو بہار، مدرسہ حنفیہ مالیگاؤں مہاراشٹر ، مدرسہ فضل رحمانی گونڈہ، مدرسہ عین العلوم گیا بہار، جامعہ عربیہ انوار القرآن بلرام پور ، دارالعلوم ندائے حق فیض آباد، دارالعلوم مظہر اسلام بریلی شریف ، الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور۔

آپ کی درسگاہ فیض سے شعور و آگہی کی دولت حاصل کرنے والے طلبہ اتنے کثیر ہیں کہ ان سب کا شمار تقریبا ناممکن ہے ان میں سے چندمشہور حضرات کے نام پیش خدمت ہیں۔ جو اس وقت اہل سنت و جماعت کے نامور علما میں شمار کیے جاتے ہیں ۔
خواجہ مظفر حسین رضوی پورنوی، مولانا مجیب اشرف اعظمی ثم ناگپوری، قاضی عبدالرحیم بستوی ، مولانا رحمت حسین کلیمی پورنیہ، مولانا قمرالدین اشرفی اعظمی، مولانا عزیز الحسن اعظمی ، مولانا رضوان احمد شریفی، مفتی محمد نظام الدین رضوی، مولانا حافظ عبدالحق رضوی، مفتی محمد معراج القادری ، مولانا محمد مرتضی نعیمی، مولانا حفیظ اللہ اعظمی، مولانا سلطان احمد ادروی ، مولانا امام الدین مصطفوی، مولانا محد کوثر خان نعیمی، مولانا افتخاراحمد قادری، مفتی شفیق احمد گونڈہ ، مولانا محمدعمر بہرائچی

تصنیف و تالیف:

مفتی شرایف الحق امجدی کی فکر وقلم تحریر و تصنیف اور زبان و ادب سے گہری وابستگی ابتدائی عمر سے ہی رہی ۔ ان کی تحرو تصنیف نصف صدی پر محیط ہے۔ ابتدا ہی سےآپ نے وسیع مضامین و مقالات لکھے ہیں ۔ مختلف دینی وعلمی موضوعات پر آ پکی قیمتی اور جامع تحریر میں اور وقیع ومؤثر مقالے دبد بہ ٕ سکندری رام پور ، نوری کرن بریلی شریف ، پاسبان الہ آباد ، جام کوثر کلکتہ ، استقامت کانپور ، اشرفیہ مبارک پور، رفاقت پٹنہ، حجاز جد ید دہلی وغیرہ رسالوں میں چھپ کر عوام و خواص کے درمیان مقبول ہوتی رہیں۔ ماہنامہ اشرفیہ مبارک پور میں التزام وتسلسل کے ساتھ آپ کے منتخب فتاوی شائع ہوتے رہے ۔ جس کی وجہ سے ماہنامہ کا وقار بلند اور قارئین کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا۔ مفتی شریف الحق امجدی سے قلم کے مختلف عنوانات پر متعدد کتابیں معرض وجود میں آئیں ۔جن میں چند مشہور کتابوں کا ایک اجمالی جائزہ پیش کیا جا تا ہے۔

نزهة القاری شرح صحیح البخاری:
یہ صحیح بخاری کی اردو شرح ہے جو پانچ ہزارصفحات پرمشتمل ہے ۔ یہ اسلامی علوم و معارف اور حدیث وسنت کی تحقیقات و تدقیقات کا دائرۃ المعارف ، علماۓ متقدمین و متاخرین اور سلف صالحین کی عربی و فارسی شروح کا عطر مجموعہ ہے ۔ جو 9 جلدوں پر مشتمل ہے۔

اشرف السير:
اس کتاب میں سیرت نبوی کے بنیادی ستون محمد بن اسحق ( 151ھ / 768 ٕ ) محمد بن عمر الواقدی ( 207ھ / 822ٕ ) محمد بن سعد ( م 320ھ / 844) محب الدین بن جریر طبری ( 301 ھ ) پرفن تاریخ و حدیث اور سیرت کے حوالے سے مخالفین کے اعتراضات کے دندان شکن علمی جوابات ہیں ۔ سیرت پاک سے متعلق مغربی ظالمانہ اور جاہلانہ اورمشرق کے مرعو بانہ اور معذرت خواہانہ طرزعمل پر سیر حاصل تنقیدی وتحقیقی کلام اور ابتدا سے بعثت نبوی تک سرکار دو عالم ﷺ کے احوال وکوائف اور آپ کے آبا واجداد کے تعلق سے جامع پرمغز اور معلوماتی گفتگو کی گئی ہے ۔ یہ کتاب حصہ اول کا نصف ہے، باقی کام دیگر مصروفیات کی وجہ سے انجام نہ پا سکا۔

اشک رواں :

آزادی ہند سے پہلے کا نگریس میں اور مسلم لیگ کی خود غرضی اور مفاد پرستی پر مبنی پر فریب سیاست پر ضرب کاری اور اس کی مخالفت اور مسلمانوں کے لیے اسلامی وشرعی نقطہ نظر سے تیسرے متبادل کی تجویز، تقسیم ہند کے بعد ہونے والی مسلمانوں کی جان و مال ، عزت وآبرو کی تباہی و بربادی اور بعد میں انہیں در پیش سیاسی و سماجی ، مذہبی وملی پریشانیوں اور رسوائیوں کو اپنی دور بین نگاہوں سے بھانپ کر اس پر اپنے قلبی و ذہنی خطرات ، بے کلی اور بے چینی کا اظہار اور پھر اس کے تدراک کے لیے مسلمانوں سے دردمندانہ اپیل ، یہ سب کچھ اس کتاب میں شامل ہے۔
شارح بخاری نے پچیس برس کی عمر میں اسلامی سیاست کے موضوع پر یہ کتاب تحریر فرامائی ہے ۔ آزادی ہند وتقسیم ہند سے پہلے 1946 ء کے پر آشوب و پرفتن دور میں اس کی اشاعت ہوئی ۔ پھر آج تک اس کا دوسرا ایڈیشن نہ شائع ہوسکا۔

اسلام اور چاند کا سفر :

شرعا انسان کا چاند پر پہنچنا ممکن ہے ۔ اسلامیات اور فلکیات کے اصول وقواعد اور قوانین و مباحث کی روشنی میں اس مدعا پر محققانہ گفتگو کی گئی ہے ۔ جو آپ کے وسعت مطالعہ ، ژرف نگاری ، قوت استدلال اور زور بیان کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ یہ محققانہ و عالمانہ تحقیقات وابحاث کا حسین گلدستہ ہے۔

تحقیقات(دوحصے) :

اس میں وہابیوں ، دیوبندیوں اور معاندین اہل سنت کے کچھ لا یعنی اعتراضات کے مدلل تحقیقی والز امی جوابات ہیں یہ کتاب دوحصوں میں ہے۔

فتنوں کی سرزمین کون ، نجد یا عراق ؟:

اس کتاب میں نجد وعراق کا ایک گراں قدر حقیقت افروز اور ایمان افرا تاریخی ، جغرافیاٸی اور دینی و سیاسی جاٸزہ پیش کیا گیا ہے۔

سنی ، دیو بندی اختلاف کا منصفانہ جائزہ :

یہ سنی و دیو بندی اختلاف کی بنیاد اور اکابر علماے دیو بند کی کفری عبارتوں پر غیر جانب دارانہ فیصلہ کن ابحاث کا خوبصورت علمی گلدستہ ہے ۔ آپ کی یہ کتاب اپنے موضوع پر لا جواب اور بے مثال ہے۔

اثبات ایصال ثواب :

یہ رسالہ ایصال ثواب کے موضوع پر مصنف کی ایک نئے انداز میں بحث ، میلا دو قیام ، نیاز و فاتحہ کے سلسلے میں شکوک وشبہات کی وادیوں میں بھٹکنے والوں کے اطمینان کلی کے لیے ایک بیش قیمت ، زوردارعلمی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔

مقالات شارح بخاری :

یہ دینی و مذہبی علمی وادبی تاریخی وسوانحی فکری و حقیقی گونا گوں عنوانات پر حضرت کے سیکڑوں بوقلموں مضامین کا مجموعہ ہے ۔ یہ کتاب تین جلدوں پر مشتمل ہے۔

مسئلہ تکفیر اور امام احمد رضا :

اپنے موضوع پر نہایت شاندار گراں قدر اور اچھوتی محققانہ و متکلمانہ تحریر جو موضوع کے تمام زاویوں کو حاوی اور شبہات کے سارے تار و پود بکھیر دینے والی ہے۔

فتاویٰ شریفیہ:

آپ کی زندگی بھر کے علمی تحقیقی فتاوی کا مجموعہ جو ایک انداز کے مطابق پچھتر ہزار سے زائد فتاوی کو محیط ہوگا ۔ جو لوگوں کے عقائد و اعمال میں رہنمائی کرتا ہے اور اہل علم اور ارباب فقہ و فتاویٰ سے خراج تحسین حاصل کر چکا ہے۔

1359ھ میں مفتی شریف الحق امجدی نے صدرالشریعہ مولانا امجد اسمی کے دست حق پر بیعت کیا۔
آپ کا شمار صدرالشریعہ علیہ الرحمہ کے سابقین اولین مریدوں میں ہوتا ہے ۔ حضرت صدرالشریعہ نے سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ کی اجازت و خلافت سے بھی نوازا تھا ۔ حضور مفتی اعظم ہند مولانا مصطفی رضا بریلی اور احسن العلما مولانا مصطفی حسن حیدر مارہرہ نے بھی اجازت و خلافت سے نوزا تھا۔
حضور شارح بخاری متعدد بار حرمین شریفین کی زیارت سے مستفیض ہوۓ 1985 ء میں پہلا حج اور 1997 ء میں دوسرا حج فرمایا 1996 ء اور 1998 ء میں دو مرتبہ سفر عمرہ پر بھی گیے۔
6/ صفرالمظفر 1421ھ/ 11/مٸ 2000 ٕ بروز جمعرات آپ اس دار فانی سے دار جاودانی کی طرف کوچ کر گئے ، اور یہ علم وفن کا راز داں اور استقامت و ثابت قدمی کا کوہ ہمالہ ہمیشہ کے لیے آغوش زمین میں محو خواب ہو گیا۔ آپ کا مزار مبارک گھوسی ضلع مئو میں مرجع خلائق ہے۔(بحوالہ علماۓ اہل سنت کی علمی و ادبی خدمات)

[مضمون نگار روزنامہ شان سدھارتھ کے صحافی ہیں]