WebHutt

Designing Your Digital Dreams.

نعتِ پاکِ: نبی کا جو دیوانہ ہوگیا ہے

نبی کا جو دیوانہ ہو گیا ہے
زمانہ اس کا شیدا ہو گیا ہے

وہ شاہوں سے بھی اچھا ہو گیا ہے
“جو ان کے در کا منگتا ہو گیا ہے”

انہیں تو اپنے جیسا کہہ رہا ہے؟
ارے نجدی تجھے کیا ہو گیا ہے

پڑی ہے چشمِ رحمت جس پہ ان کی
جہاں کا وہ مسیحا ہو گیا ہے

بلا لیجے شہا شہرِ مدینہ
یہاں دشوار جینا ہو گیا ہے

مرے غازی کا ہے وہ آستانہ
جہاں نابینا بینا ہو گیا ہے

ہے صدقہ نعت کا شاہد رضا یہ
ترا جو جگ میں شہرہ ہو گیا ہے

از قلم
محمد شاہد رضا برکاتی بہرائچی

نعتِ پاکِ مصطفیٰﷺ بر مصرع طرح: لبِ اعجاز اگر آپ ہلاتے جاتے

سوئے طیبہ وہ ہمیں کاش بلاتے ،جاتے
نغمۂ نعت سرِ راہ سناتے جاتے

کاش وہ رکھ کے مرے سینے پہ دستِ رحمت
داغ عصیاں کے مرے دل سے مٹاتے جاتے

مصحفِ روئے منور کی تلاوت کر کے
جانیں اصحابِ نبی اپنی لٹاتے جاتے

گالیاں سن کے بھی سرکار دوعالم اکثر
اپنے دشمن کو کرم اپنا دکھاتے جاتے

مجھ نکمے کی یہ حسرت ہے شہنشاہِ زمن
عمر کٹ جائے مری طیبہ میں آتے جاتے

کوئی بھی دشمنِ اسلام نہ زندہ رہتا
“لبِ اعجاز اگر آپ ہلاتے جاتے”

جب بھی آ جاتا پریشاں کوئی ان کے در پر
پیار سے سب کو گلے وہ تھے لگاتے جاتے

مجمعِ حشر میں بھی ہم سے خطاکاروں کو
اپنے دامن میں ہیں سرکار چھپاتے جاتے

خاکِ نعلینِ نبی ہم کو جو ملتی شاہد
اپنی آنکھوں کا اسے سرمہ بناتے جاتے

از قلم
محمد شاہد رضا برکاتی بہرائچی
ساکن سالارپورباباگنج تحصیل نانپارہ ضلع بہرائچ شریف یو پی
7045528867

نعتِ پاکِ مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم

خدا کے فضل سے عالی مقام ہو جائے
نبئ پاک کا جو بھی غلام ہو جائے

وہ سن رہے ہیں مدینے سے بھی مری باتیں
“زبانِ دل سے درود و سلام ہو جائے”

ہر ایک عاشقِ صادق کے دل کی حسرت ہے
کبھی حضور کے در پہ قیام ہوجائے

لٹا دے عظمتِ سرکار پر جو جان و تن
اسے زمانے میں حاصل دوام ہو جائے

اگر ہو آج بھی اصحابِ مصطفیٰ سا جنوں
جہانِ کفر کا جینا حرام ہو جائے

ہے ملتجی یہی شاہد، کہ سید عالم
عطا مجھے بھی اطاعت کا جام ہو جائے

از قلم
محمد شاہد رضا برکاتی بہرائچی
ساکن سالارپورباباگنج تحصیل نانپارہ ضلع بہرائچ شریف یو پی 7045528867

منقبت سرکار غوث اعظم رضی اللہ عنہ

اپنے نوری در کا منظر غوث پاک
مجھ کو دکھلا دو بلا کر غوث

بختِ خوابیدہ مرا چمکائیے
خواب میں تشریف لا کر غوث پاک

سارے ولیوں نے جھکا دیں گردنیں
آپ کا فرمان سن کر غوث پاک

ایک قطرہ ہی ہمیں دےدیں ،کہ آپ
“ہیں ولایت کے سمندر غوث پاک”

عمر بھر شاہد کو رکھئے پاس میں
اپنے در کا سگ بنا کر غوث پاک

از قلم
محمد شاہد رضا برکاتی بہرائچی
ساکن سالارپورباباگنج تحصیل نانپارہ ضلع بہرائچ شریف یو پی
7045528867