……………………………………………………
مرکزی جلوس محمدی گاگریا وعلاقۂ گپن سے سہلاؤ شریف تک شان وشوکت سے نکلا!
…………………………………………………………
سہلاؤشریف میں عظیم الشان سالانہ جلسۂ عیدمیلادالنبی کا اہتمام
…………………………………………………………
سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی حضور نبی رحمت ﷺ کی یوم ولادت باسعادت بہت ہی دھوم دھام،شان وشوکت اور عقیدت واحترام کےساتھ منایاگیا،یوں تو ماہ ربیع النورشریف کا چاند نظر آتے ہی عاشقان رسول ﷺ اپنے دوکان مکان گلی اور چوراہوں بالخصوص مساجد ومدارس اور درگاہوں کو رنگ برنگے جھنڈوں برقی قمقموں ،روشنیوں اور جھرمٹوں سے سجاکر پرکشش بنادیتے ہیں مگر ربیع النور کی باریویں شب وروز کے مناظر تو کچھ اور ہی دیدہ زیب ودل آویز مناظر پیش کرتے ہیں بارہویں شب میں عموما مسلم آبادیوں میں جلسۂ عید میلادالنبی ﷺ کا شایان شان طریقے پرانعقاد کیا جاتا ہے جب کہ بارہ ربیع النور شریف کو جلوس عیدمیلادالنبی ﷺ نکالنے کا باقاعدہ انتظام وانصرام ہوتا ہے،جلسۂ عید میلادالنبی ﷺ میں علمائے کرام سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہیں جب کہ جلوس عید میلادالنبی میں نعرہائے تکبیر ورسالت،آقا کی آمد مرحبا جیسے نعروں ،صلوٰة وسلام اور ذکر واذکار سے گلی محلے اور راستے گونج اٹھتے ہیں چنانچہ علاقۂ تھار کے اکثر گاؤں وقصبات جیسے سیڑوا،ہرپالیہ، سینہار، تالسر، کونرا، دیراسر،میکرن والا،دیتانی، کھڈانی،راناسر،گفن ناڈی،کھاریا راٹھوران،لدہے کاپار، بینڈے کاپار وغیرہ کے مسلمانوں نے جلسہ وجلوس عیدمیلادالنبی کا اہتمام کیا-مگر مرکزی جلوس گاگریا و علاقۂ گپن سے سہلاؤشریف تک نکالا گیا ان دونوں جلوسوں میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی-
ان دونوں مرکزی جلوسوں [جس میں علاقہ کھاوڑ کے مختلف جلوس راستے میں ضم ہوجاتے ہیں] کے علاقۂ تھار کی مرکزی دینی درسگاہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ درگاہ حضرت پیرسید حاجی عالی شاہ بخاری پچھمائی نگر،سہلاؤشریف پہنچنے ہر دارالعلوم ودرگاہ شریف کی انتظامیہ کمیٹی اور دارالعلوم کے اساتذہ وطلبہ وعلاقے کی عوام نے شاندار استقبال کیا-
جلوس میں شامل سبھی حضرات نے سب سے پہلے اجتماعی طور پر آستانہ قطب تھار حضرت پیرسید حاجی عالی شاہ بخاری پر حاضری دی پھر صلوٰة وسلام پڑھ کر اجتماعی دعا کی گئی-
بعدہ اس جلوس نے جلسۂ عید میلادالنبی ﷺ کی شکل اختیار کرلی، اور جلسۂ عیدمیلادالنبی کی شروعات تلاوت کلام ربانی سے کی گئی بعدہ بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعت رسول پیش کرنے کے لیے ثنا خوان رسول حضرت قاری محمدعرس سکندری انواری کودعوت دی گئی،قاری صاحب نے بہترین نعت رسول پڑھ کر مجمع میں وجد کی سی کیفیت طاری کر دی، پھر صرف ایک خصوصی تقریر ماہر زبان وبیان، خطیب باوقار حضرت علامہ مفتی محمدسفیرالحق صاحب رضوی استاذ ومفتی دارالعلوم غریب نواز الہ آباد[سابق مدرس:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف] کی ہوئی-
آپ نے محبوب خدا،وجہ وجود کائنات،خاتم الانبیاء، رحمة للعٰلمین حضور نبی رحمت ﷺ کی سیرت طیبہ بالخصوص حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کے حالات وواقعات نہایت عمدہ پیرایہ وانداز میں بیان کرتے ہوئے حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات وپیغام عدل وانصاف و بھائی چارگی پر عمل کرنےاور حضور کے صحابۂ کرام کے سوانح وحالات سے سبق لینے کی تاکید کی-
صلوٰة وسلام اور حضرت مفتی صاحب کی دعا پر یہ جلسۂ عید میلادالنبی ﷺ اختتام پزیر ہوا-
آخر میں سہلاؤشریف کے ایک اہم وبااثر شخصیت عالی جناب الحاج فتح محمدصاحب صدر ضلع گانگریس کمیٹی باڑمیر نے دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم اعلیٰ وشیخ الحدیث نورالعلماء پیرطریقت حضرت علامہ الحاج سیدنوراللہ شاہ بخاری [جو فی الحال زیارت حرمین طیبین (عمرہ) کے لیے تشریف لے گیے ہیں] وجملہ ارکان واساتذہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ وانتظامیہ کمیٹی درگاہ حضرت پیر سید حاجی عالی شاہ بخاری کی طرف سے جلسہ وجلوس عید میلادالنبی میں شامل سبھی حضرات بالخصوص غلامانِ بخاری کمیٹی گاگریا[علاقہ:کھاوڑ] وعلاقۂ گپن کا شکریہ ادا کیا جن کے بینر تلے یہ دونوں مرکزی جلوس پرامن طریقے پر اپنے متعینہ مقامات سے ہوتے ہوئے درگاہ گراؤنڈ میں بخیر وعافیت پہنچے-
Leave a Reply