WebHutt

Designing Your Digital Dreams.

ماہ رجب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔از قلم: سید خادم رسول عینی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ماہ رجب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔از قلم: سید خادم رسول عینی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسلام کی تاریخ میں رجب کے مہینے میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے۔ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کا وصال پندرہ رجب کو ہوا تھا ۔یہ تاریخ کی کتابوں میں رقم ہے: پندرہ رجب المرجب ١٤٥ ہجری کو مدینہ طیبہ میں آپ نے انتقال فرمایا ۔رجب کے مہینے میں امام عالی مقام کی نیاز دلائی جاتی ہے ۔امام کی یاد تازہ کی جاتی ہے اور ساتھ ساتھ فاتحہ خوانی بھی ہوتی ہے۔

لیکن مقام افسوس ہے کہ کچھ لوگوں نے تاریخ فاتحہ پر اختلاف کیا ، بلکہ کچھ لوگوں نے اس اختلاف میں شدت اختیار کی اور یہ کہا کہ بائیس تاریخ کو ہی نیاز دلائی جاۓ تاکہ رافضیوں کا رد ہوسکے۔کیا رد رافضی کا یہی طریقہ باقی رہ گیا ہے؟ اور کوئی طریقہء کار نظر نہیں آیا؟ رد رافضی ضرور کیجیے ، لیکن اہل سنت و جماعت میں تفریق اور انتشار پیدا مت کیجیے۔فروعی باتوں میں اختلاف اور پھر اختلاف میں شدت اختیار کرنا حد درجہ کی حماقت ہے۔حماقت کی انتہا یہ ہے کہ جو لوگ پندرہ تاریخ کو نیاز دلانے کی بات کرتے ہیں ان پر وہابیت کا الزام لگادیا گیا۔افسوس صد افسوس۔امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ نے اس قسم کی باتوں کی تعلیم نہیں دی ہے ۔آپ حسن اخلاق کے مجسمہ تھے ۔آپ اخلاق و اوصاف میں معیار تر تھے۔آپ حسن سلوک، صبر و تحمل ، مہمان نوازی میں یکتائے روزگار تھے۔آپ کے اقوال زریں میں سے ایک قول یہ بھی ہے : “تم لوگ خصومت دین سے بچو ، اس لیے کہ وہ قلوب میں نفاق پیدا کردیتی ہے”۔

رجب چار حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے ۔رجب کا نام ترجیب کی وجہ سے رکھا گیا ہے ، جس کا معنی ہے تعظیم کرنا ۔بعض لوگوں کا قول ہے کہ ترجیب کا معنی بار بار ذکر خدا کرنا اور اللہ کی عظمت کا اظہار کرنا کیونکہ ماہ رجب میں فرشتے اللہ تعالیٰ کی تسبیح ، تمجید اور تقدیس بار بار کرتے ہیں۔
رجب مہینے میں اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح علیہ السلام کو کشتی میں سوار کرایا ۔حضرت نوح علیہ السلام اور آپ کے سارے ساتھیوں نے کشتی ہی میں اس ماہ کا روزہ رکھا اور اللہ تعالیٰ نے کشتی میں سوار لوگوں کو غرق ہونے سے محفوظ رکھا اور سیلاب کے بعد زمین کو کفر اور معصیت سے پاک فرمادیا۔

اس مہینے کا ایک اور نام اصب بھی ہے کیونکہ صب کا معنی ہے بہانا ۔ اس ماہ میں بندوں پر خدا کی رحمت بہائی جاتی ہے۔

ماہ رجب کا نام مطھر بھی ہے کیونکہ یہ مہینہ اپنے روزہ دار کو گناہوں اور خطاؤں سے پاک کردیتا ہے۔

رجب مہینہ بہت سارے اوصاف کا حامل ہے۔رجب کے مہینے کو اللہ کا مہینہ کہا گیا۔رجب کا مہینہ ظلم چھوڑنے کے لیے ہے،رجب توبہ کا مہینہ ہے،رجب عزت کا مہینہ ہے،رجب ماہ عبادت ہے،رجب نیکیوں میں سب سے آگے بڑھ جانے کا مہینہ ہے،رجب کھیتی بونے کا مہینہ ہے۔رجب میں دعائیں قبول ہوتی ہیں ، خطائیں معاف ہوتی ہیں ،

اللہ ہم سب کو ماہ رجب المرجب کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اہل سنت و جماعت میں اتحاد و اتفاق قائم رکھنے کے توفیق رفیق عطا فرمائے۔ ہم سب کو نفاق سے دور رہنے کی توفیق عطا فرمائے ۔عبادات سے سرور حاصل کرنے کے توفیق رفیق عطا فرمائے۔زیادہ سے زیادہ روزہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ بندوں کے حقوق ادا کرنے کی توفیق رفیق عطا فرمائے۔ اپنے گناہوں سے سچی اور خالص توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم

صارف

Website:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *