جہاں کا ہے اجالا نام ان کا
ہے جانب حق کی رستہ نام ان کا
قبول توبہء آدم ہے شاہد
مقدس ہے وسیلہ نام ان کا
محمد ارض میں ، احمد فلک پر
سبھی ناموں میں پیارا نام ان کا
مصیبت سے ملا چھٹکارا ، جب بھی
صحابہ نے لیا تھا نام ان کا
خدا کا کام آقا نے کیا یوں
ہے دنیا میں زیادہ نام ان کا
اسی سے روشنی ہے چاروں جانب
جبین ضو کا غازہ نام ان کا
ہو وہ دن رات یا ہو صبح یا شام
ہمارے لب پہ آیا نام ان کا
اسی کے ساءے میں راحت ہے ہم کو
ہے نوری شامیانہ نام ان کا
چھپے اس میں نہ جانے کتنے اسرار
ہے اسم عارفانہ نام ان کا
لکھا ہے ہر گل جنت پہ عینی
عجب رکھتا ہے جلوہ نام ان کا
۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی
Leave a Reply