WebHutt

Designing Your Digital Dreams.

نعت شہِ عالمینﷺاز ✒کلیم احمد رضوی مصباحی پوکھریرا سیتامڑھی

نعت شہِ عالمینﷺ

رہے جو نرگسِ سرکار کا خیال بحال
ہمارے باغِ نظر کا رہے جمال بحال

اسی سے منصبِ دیوانگی کی شان سمجھ
ہیں اس پہ سرور کونین کے بلال بحال

ستارےلفظوں کی صورت جوڈھل رہےہیں مدام
مہِ عرب کی ثنا سے ہے یہ کمال بحال

نبی کی یاد میں گزرے ہیں جس کے دن وہ رہا
بہ وصفِ گردشِ ایام سارے سال بحال

خداۓ برتر و بالا سے مانگ ان کے طفیل
یوں ہوگی لمحے میں موقوفیِ نوال بحال

عجیب ہوش ربا حالتوں سے گزرے مگر
نبی کی یاد نے رکھا دمِ وصال بحال

وہ بد مآل ہو کیوں اس کا حال کیوں ہو خراب
جسے حضور نے فرمایا خوش مآل بحال

دئیے ہیں اور صدف نے بھی کیا یوں دُرِ یتیم
ازل سے دیکھی گئی کیا تری مثال بہ حال

تو کون روکے بحالیِ حال سے اے کلیم
مرے حضور اگر کہہ دیں تیرا حال بحال

از ✒
کلیم احمد رضوی مصباحی پوکھریرا سیتامڑھی

نعتِ رسولِ اکرم ﷺاز ✒کلیم احمد رضوی مصباحیپوکھریرا سیتامڑھی بہار

شبِ قدر کی عطا

تیری ممکن نہیں مثیل رسول
تیرا عالم ہوا قتیل رسول

تیرے حسنِ خرام پر قربان
ہے منور مری سبیل ، رسول

اور سب آئنے انہی کے ہیں
فضل میں ہیں فقط اصیل رسول

آتشِ غم ہے سرد جن کے لیے
ہیں تمہارے، مرے خلیل رسول

ظلمتوں کا نصیب صرف شکست
شہر تنویر کی فصیل رسول

ایک بھی تشنۂ کرم نہ ملا
ہیں عطاؤں کی سلسبیل رسول

تجھ کو بے عیب نے کیا بے عیب
ہر جہت سے ہے تو جمیل رسول

ذرہ ہے جن کے آگے مہرِ منیر
ایسے ہیں خوبرو شکیل رسول

سب سے اعلیٰ کتاب جن کو ملی
ہیں وہ شبہات کے مزیل رسول

اپنی یکتائی پر کیا یک نے
تیری یکتائی کو دلیل رسول

غالب آۓ کثیر پر اکثر
شان والے ترے قلیل رسول

سہل گزرے گا یہ حساب کا دن
ہیں گنہ گاروں کے وکیل رسول

ہر جلالت ہے جس خدا کے لیے
اسکی رحمت سےہیں جلیل رسول

اب سپیدِ خوشی ہو جلوہ طراز
شام غم کی ہوئی طویل، رسول

ہر غنی سے غنی نہ کیوں ہو کلیم
آخرش اس کے ہیں کفیل رسول

از ✒
کلیم احمد رضوی مصباحی
پوکھریرا سیتامڑھی بہار

نعتِ پپاکِ مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم.. از ✒کلیم احمد رضوی مصباحیپوکھریرا سیتامڑھی9430555134

کئی مہینے بعد توفیق کی ارزانی

نذر احباب

بھیگ کر بارشِ انوَار میں جل تھل ہوتا
میں مدینے میں جو ہوتا یہ مسلسل ہوتا

شان میں عید و شبِ قدر سے افضل ہوتا
دن جو میلادِ پیمبر کا یہ منگل ہوتا

حسنِ سرکار نہ پھیکا کبھی پڑتا کہ مدام
آپ کے سر پہ کڑی دھوپ میں بادل ہوتا

ایسی گفتار کہ سیراب ہوں رندانِ وفا
وہ تبسم کہ عنایات کی چھاگل ہوتا

ہم بھی پڑھتے ہوۓ جاتے شہِ عالَم پہ درود
نام پر ان کے جو برپا کہیں مقتل ہوتا

اور محبوبِ نظر ہو یہ عروسِ رفتار
اس کے پاؤں میں ترے پیار کا پایل ہوتا

تاکہ پھر خلد میں دُہرَاؤں کرم سے ان کے
قصۂ زیست مدینے میں مکمل ہوتا

ایک بے رنگ شجر ہوں یہ تمنا ہے مری
ان کی رحمت مجھے چھو لیتی میں صندل ہوتا

گریہ سے گالوں پہ تصویرِ مدینہ ابھرے
کاش کچھ ایسا مری آنکھ کا کاجل ہوتا

قریۂ جان میں آباد مرا دل ہی نہیں
ان کی چوکھٹ پہ میں ہوتا تو یوں بے کل ہوتا

شاہیاں ہوتیں مرے در کی کنیزوں میں کلیم
بس یہ ہوتا، میں گداۓ درِ مرسل ہوتا

از ✒
کلیم احمد رضوی مصباحی
پوکھریرا سیتامڑھی
9430555134

نعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔۔از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

جہاں کا ہے اجالا نام ان کا
ہے جانب حق کی رستہ نام ان کا

قبول توبہء آدم ہے شاہد
مقدس ہے وسیلہ نام ان کا

محمد ارض میں ، احمد فلک پر
سبھی ناموں میں پیارا نام ان کا

مصیبت سے ملا چھٹکارا ، جب بھی
صحابہ نے لیا تھا نام ان کا

خدا کا کام آقا نے کیا یوں
ہے دنیا میں زیادہ نام ان کا

اسی سے روشنی ہے چاروں جانب
جبین ضو کا غازہ نام ان کا

ہو وہ دن رات یا ہو صبح یا شام
ہمارے لب پہ آیا نام ان کا

اسی کے ساءے میں راحت ہے ہم کو
ہے نوری شامیانہ ‌نام ان کا

چھپے اس میں نہ جانے کتنے اسرار
ہے اسم عارفانہ نام ان کا

لکھا ہے ہر گل جنت پہ عینی
عجب رکھتا ہے جلوہ نام ان کا
۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

Naat in English………By: Sayed khadime Rasul Aini

You are the first creation,you are the last prophet,
For you the world is set you are the last prophet.

Your travelling to non-abode was definitely
Faster than light and jet ,you are the last prophet.

For benefit of ummah you used to cry and cry lot,
Your sacred eyes were wet,you are the last prophet.

You are so praiseworthy,in your glorification
Are full the paper and net,you are the last prophet.

All proves and evidence of your finality
In the Quran we get you are the last prophet.

You are unique my master,nobody is your rival,
Allah only you met,you are the last prophet.

You are the mercy for all ,you are the benevolent,
You did not let Aini fret,you are the last prophet
……
By: Sayed khadime Rasul Aini

نعت سرکار کونین صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی


عرب کے ماہ کی شہرت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے
نبی کی خوبیء رفعت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں میں ہے محمد نام ان کا عرش پر احمد
مرے سرکار کی عظمت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

پڑھو قرآں ، پڑھو توریت ، انجیل و زبور نور
شہ کونین کی مدحت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

قیادت کی ہے غزووں میں ، شفاعت ہوگی محشر میں
کہ محفوظ آپ سے امت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں میں وحی اتری ، دید رب ہوتی ہے اسریٰ میں
خدا سے آپ کی قربت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں والے نثار ان پر فلک والے بھی ہیں قربان
ہر اک کو شاہ سے الفت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

ہیں غاروں میں بھی غزووں میں بھی صدیق آپ ہی کے ساتھ
کہ ان کا جذبہء خدمت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے

زمیں پر کنکری بولے ، فلک میں چاند ہو ٹکڑے
اے عینی شاہ کی قدرت یہاں بھی ہے وہاں بھی ہے
۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

نعت مصطفی’ صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔۔۔از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

جو بشر ان کی سیرت میں ڈھل جائےگا
سوۓ خُلدِ بریں وہ نکل جائےگا

جب رخ شاہ کی ہوگی ہم پر نظر
رخ مخالف ہوا کا بدل جائےگا

ان کی چشم شفاعت میں ہے یوں تپش
ہر گنہ میرا محشر میں جل جائےگا

ان کے فیضان کے کوہ کو دیکھ کر
کرب کا سارا لشکر دہل جائےگا

لائینگے دل میں تشریف جان جہاں
جب بھی شوق ملاقات ابل جائےگا

جس طرف ہے ادائے حبیب خدا
اس طرف ہی خیال غزل جائیگا

جس کے دل میں ہے پیوست ذوق سلیم
وہ سلام رضا سے مچل جائےگا

تو نے چھینا ہے حق تو ادا کر اسے
مت سمجھ توبہ سے ہی نکل جائےگا

جام عشق نبی عینی ہے جام وہ
جس کے پینے سے انساں سنبھل جائےگا
۔۔۔

از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

نعت شہ کونین صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔۔۔۔از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

میری آنکھوں میں ہے طیبہ کا نظارا باقی
جو فنا ہو نہ سکے ایسا ہے جلوہ باقی

دیکھتے ہی در ضوبار شہ عالم کا
دید جنت کی رہی پھر نہ تمنا باقی

رحمت دوجہاں آئے تو کھلا امن کا باب
اب نہ ہے شور کہیں اور نہ ہے غوغا باقی

بزم ایقاں کے شہنشاہ سے ہے ربط مرا
دل میں اب ذرہ برابر نہیں کھٹکا باقی

حسرت دید نبی ہو نہیں پائی پوری
ہے تمنا کا مگر خواب سہانا باقی

اہل بیت شہ کونین کی صورت اب بھی
بزم عالم میں ہے آقا کا اجالا باقی

سود سے بچتے رہو اور قناعت میں جیؤ
قبل از موت رکھو کچھ بھی نہ سودا باقی

ان کی جب یاد رہے درد کا درماں عینی
کیوں رہے دل میں مرے فکر مداوا باقی ؟
۔‌‌۔۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

نعت مصطفی’صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

نعت مصطفی’صلی اللہ علیہ وسلم
۔۔۔۔

ان کی توصیف میں رب کا قرآن ہے
مصطفی’جان رحمت کی کیا شان ہے

آنکھ ان سے قتادہ کی واپس جڑی
دیکھ کر معجزہ آنکھ حیران ہے

جو ہے عنوان قرآں میں رحمان کا
میرے اشعار میں بس وہ عنوان ہے

باندھ کر اپنا ساماں چلے غم سبھی
یاد آقا وہ راحت کا سامان ہے

ان کی تبلیغ کا ہے یہ تاباں اثر
آج دھرتی کا انساں مسلمان ہے

تجھ کو گر چاہئیں شوکتیں زیست میں
اس پہ چل جو شہ دیں کا فرمان ہے

کہہ دیا، آپ محبوب ہیں جاں سے بھی
اب عمر کی بھی تکمیل ایمان ہے

عینی کہتا ہوں نعت شہ انبیاء
میرے مرشد مجاہد کا فیضان ہے
۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی

نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔از: سید خادم رسول عینی

مری زباں سے نبی کی ثنا نکلتی ہے
تو قدسیوں کے لبوں سے دعا نکلتی ہے

وہ باغبان ہے ایسا کہ اس پہ گل ہیں نثار
کلی کلی کی زباں سے دعا نکلتی ہے

خدا کے نام سے پڑھتے رہو مسلمانو
صدائے عالیء غار حرا نکلتی ہے

تمام راستے حق کے ہیں منسلک اس سے
نبی کی رہ سے ہی راہ ہدی’ نکلتی ہے

غموں کی دھوپ کا نام و نشاں نہیں رہتا
نبی کے چرخ کرم سے گھٹا نکلتی ہے

حضور زلف کو لہرا کے جب نکلتے ہیں
تو ایسا لگتا ہے جیسے گھٹا نکلتی ہے

نصیب گر نہ ہو دیدار سرور عالم
تو روح ہوکے بہت غمزدہ نکلتی ہے

ہمیشہ آپ کے چہرے پہ مسکراہٹ ہے
ہمیشہ آپ کے رخ سے ضیا نکلتی ہے

ہے یہ نتیجہء درس مبین پیغمبر
کہاں یہ خود سے انا کی بلا نکلتی ہے ؟

ملی کسی کو اگر تربیت پیمبر سے
وہ ذات دہر میں سب سے جدا نکلتی ہے

نظر میں آتی ہے شبیر کی عزیمت جب
تو بات حق کی وہیں برملا نکلتی ہے

براۓ دین تھا کام ان کا معتبر ایسا
دلوں سے مدحت احمد رضا نکلتی ہے

نبی کے صدقے ہیں پھولوں میں خوشبوئیں عینی
انھی کے صدقے پھلوں سے غذا نکلتی ہے
۔۔۔۔۔۔۔
از: سید خادم رسول عینی